پاکستان کو آخری لمحات میں فلسطین کے ہاتھوں شکست

پیر 13 اکتوبر 2014 13:54

پاکستان کو آخری لمحات میں فلسطین کے ہاتھوں شکست

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر 2014ء) فلسطین نے آخری لمحات میں کیے گئے گولوں کی بدولت پاکستان کو پہلے انٹرنیشنل دوستانہ میچ میں 2-0 سے شکست دے دی۔ اتوار کو پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 89 منٹ تک شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور فلسطینی ٹیم کو گول کرنے سے باز رکھا تاہم کھیل آخری منٹ میں مراد سعید نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول اسکور کر کے مہمان ٹیم کو برتری دلا دی۔

کھیل کے اضافی دو منٹ میں گول کیپر مزمل حسین کراس کو سمجھنے میں ناکام رہے اور اس موقع پر عبداللہ جبر نے گول کیپر کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔پاکستانی ٹیم کے کوش محمد ال شملان کھیل کے آخری لمحات میں شکست پر افسوس کا اظہار کیا تاہم ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

بحرین سے تعلق رکھنے والے کوچ نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں بہتری کے آثار دکھائی دیے ہیں اور ہم نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی غلطیوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور کچھ کھلاڑیوں کی تکنیک پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تاہم 89 منٹ تک فلسطین کو گول سے باز رکھنے کے باوجود مہمان ٹیم ہورے میچ پر چھائی رہی اور بجا طور پر فتح کی مستحق تھی۔

میچ کے دوران پاکستان کو بھی گول کرنے کے ایک آدھ مواقع میسر آئے تاہم منصور خان انہیں گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔

فلسطینی کپتان رمزی صالح نے کہا کہ ہم نے دوسرے ہاف میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے لیکن ہم نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :