پرویزالہٰی کا مناظرے کا چیلنج دیوانے کی بڑ اور شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں، زعیم قادری

پیر 13 اکتوبر 2014 16:16

پرویزالہٰی کا مناظرے کا چیلنج دیوانے کی بڑ اور شعبدہ بازی کے سوا کچھ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پرویزالہٰی کا مناظرے کا چیلنج دیوانے کی بڑ اور شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں۔ چوہدری برادران پرانے سازشی ہیں مناظرے سے پہلے وہ پنجاب بنک، این آئی سی ایل اوردیگر ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے لوٹ مار کا حساب دیں۔

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرویزالہٰی کا دور حکومت کرپشن ، لوٹ مار اور اقربا پروری سے عبارت تھا۔ لاہور قصور روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ اوور ہیڈبرج اور دیگر ترقیاتی منصوبے بدعنوانی کے قبرستان تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان منصوبوں کو ترقی کے میناروں میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا دور حکومت شفافیت اور میرٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

نہ صرف سیاسی حریفوں بلکہ غیرملکی شخصیات اور اداروں نے برملا اعتراف کیا ہے کہ شہباز شریف حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کو میرٹ پر کم سے کم ریکارڈ مدت میں مکمل کیا۔پرویزالہٰی اپنی کرپشن کو چھپانے اور ہوس اقتدار میں طاہرالقادری کے آستانے تک جاپہنچے ہیں۔زعیم حسین قادری نے کہا کہ دھرنوں کی ناکامی کے بعدمولانا مایوس ہوکر اب عوام سے ووٹ اور نوٹ دینے کے ترلے کر رہے ہیں مگر عوام سازشی عناصر کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کو وہی سازشی عناصر سپورٹ اور نوٹ دیں گے جن کے اشارے پر وہ ملک میں جمہوری اور ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں مگر عوام نے سیاسی کزنز کے لندن پلان کو ناکام بنادیا اور اب ان کی حالت کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اب سونامی اور انقلاب واپسی کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں اور جلد ہی انقلابی اپنے ملک کینیڈا روانہ ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :