مصباح کو ہٹانے کے لیے یہ وقت درست نہیں ہے ، وسیم اکرم

پیر 13 اکتوبر 2014 16:59

مصباح کو ہٹانے کے لیے یہ وقت درست نہیں ہے ، وسیم اکرم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر 2014ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اسوقت کوئی بھی کرکٹر مصباح الحق کی جگہ کپتان بننے کے لیے موجود نہیں لہذا اس مرحلے پر انہیں کپتانی سے ہٹانا دانشمندی نہیں ہوگی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگر اسوقت کوئی بھی کپتان یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہوچکا ہوتاتو مصباح کو ہٹانے کے بارے میں سوچا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہے لہذا ہمیں ورلڈ کپ تک مصباح الحق کو ہی کپتان برقرار رکھنا ہوگا۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ مصباح الحق کو اپنی کپتانی میں دلیری لانی ہوگی اور اگر اب بھی وہ جرات مندانہ فیصلے نہیں کرینگے تو پھر کب کرینگے۔انہوں نے دوسرے ون ڈے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اوپنرز کی سنچری پارٹنرشپ کے بعد مصباح الحق کو چاہیے تھا کہ وہ عمراکمل کو بیٹنگ کے لیے بھیجتے۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بارے میں کہا کہ یہ بات سب کو اچھی طرح معلوم تھی کہ پاکستان کا مقابلہ دنیا کی ایک بڑی ٹیم سے ہے ،اس صورتحال میں پاکستانی ٹیم کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں کیونکہ پاکستانی ٹیم پورے سال میں دوسری ٹیموں کے مقابلے میں بہت کم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتی ہے،پاکستان اے کے دورے نہیں ہو رہے ہیں اورانڈر 19 کے دورے بہت کم ہوتے ہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی موجودہ کارکردگی سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ورلڈ کپ میں حالات اس کے لیے بہت مشکل ہونگے، عمراکمل اور احمد شہزاد باصلاحیت بیٹسمین ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ان میں مستقل مزاجی کب آئے گی۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی غیرموجودگی میں باﺅلنگ مشکل سے دوچار ہے اور انہیں یہ فکر ہورہی ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں بیس وکٹیں کون لے گا؟

متعلقہ عنوان :