پھالیہ میں محکمہ گیپکو نے مقامی مسجد کو بجلی کا کنکشن دیئے بغیر ہی اٹھائیس ہزار روپے سے زائد مالیت کا بل بھیج دیا، اہل علاقہ کا غفلت برتنے والے حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ، غلط بل واپس لینے کا مطالبہ

پیر 13 اکتوبر 2014 21:03

پھالیہ میں محکمہ گیپکو نے مقامی مسجد کو بجلی کا کنکشن دیئے بغیر ہی اٹھائیس ..

پھالیہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر۔2014ء) پھالیہ میں محکمہ گیپکو نے مقامی مسجد کو بجلی کا کنکشن دیئے بغیر ہی اٹھائیس ہزار روپے سے زائد مالیت کا بل بھیج دیا۔ اہل علاقہ نے غفلت برتنے والے حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور غلط بل واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پھالیہ کے علاقہ گجن میں نئی تعمیر شدہ مسجد کی انتظامیہ نے بجلی کا کنکشن لگوانے کے لئے پانچ ماہ قبل مانو چک میں واقع واپڈا آفس میں درخواست جمع کرائی اور ڈیمانڈ نوٹس کے مطابق سرکاری فیس بھی ادا کر دی تاہم گیپکو حکام کی طرف سے مسجد میں بجلی کا میٹر نہیں لگایا گیا۔

(جاری ہے)

گیپکو حکام نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں ماہ کے دوران مسجد انتظامیہ کو اٹھائیس ہزار نو سو پچانوے روپے کا بل بھیج دیا جس پر مسجد انتظامیہ اور علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ مسجد کے پیش امام مہر محمد حفیظ نے بتایا کہ محکمہ کے اہلکاروں نے مسجد کے نام جاری ہونے والا میٹر ایک با اثر زمیندار کے ڈیرے پر لگا دیا اور بل مسجد انتظامیہ کو بھیج دیا ہے۔مقامی زمیندار چودھری پرویز سے جب اس بابت دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے لا علم ہیں کہ مسجد کے نام جاری شدہ میٹر ان کے ڈیرے پر لگایا گیا ہے۔ اعلیٰ حکام اس معاملے کی تحقیقات کریں۔

متعلقہ عنوان :