ایف آئی اے نے جعلی پاسپورٹ ، ویزاودیگر دستاویزات تیار کرنے والے گروہ کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ،یوکے، کینیڈا کی ویزا پلیٹس سمیت دیگر انتہائی قیمتی سامان برآمد ،مقدمہ درج

پیر 13 اکتوبر 2014 21:17

ایف آئی اے نے جعلی پاسپورٹ ، ویزاودیگر دستاویزات تیار کرنے والے گروہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) پنجاب نے دنیا بھر کے ممالک کے جعلی پاسپورٹ ، ویزا، ٹریولرز چیکس، ڈالرز سمیت دیگر دستاویزات تیار کرنے والے گروہ کے ساتھی کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے یوکے، کینیڈا کی ویزا پلیٹس سمیت دیگر انتہائی قیمتی سامان برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملو ث اس کے بیٹے کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ایف آئی اے کے ترجمان نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں آصف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ریڈ کر کے انسانی سمگلنگ میں ملوث دنیا بھر کے ممالک کے جعلی پاسپورٹ ، ویزا، ڈالرز، ٹریولرز چیکس سمیت دیگر قیمتی دستاویزات تیار کرنے والے گروہ کے سرغنہ یوسف جاوید ہمدانی عرف مائیکل جان ہمدانی کو اس کے 3ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے سینکڑوں بیرون ممالک کے پاسپورٹ ، جعلی ویزے، مہریں، ٹریولرز چیکس، ڈالرز سمیت دیگر قیمتی اشیاء برآمد کی تھیں، ترجمان نے کہا کہ یوسف جاوید ہمدانی کی نشاندہی پر بند روڈ پر واقع پرنٹنگ پریس کے مالک حاجی خوشی محمد کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضہ سے یو کے ویزا پلیٹس، کینیڈین ویزا پلیٹس ، یو وی لائٹ کنٹرول کوالٹی، یو وی لنک، 3کمپیوٹر، 2لیپ ٹاپ ،رائزک اور نووی ڈیٹ نامی ادویات کی فلم کے پازیٹو برآمد ہوئے ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ پرنٹنگ پریس کے مالک حاجی خوشی محمد کا بیٹا زاہد بھی اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث تھا جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :