ججز نظر بندی کیس ، سابق صدر پرویزمشرف تین نومبرکو عدالت میں طلب

پیر 13 اکتوبر 2014 22:17

ججز نظر بندی کیس ، سابق صدر پرویزمشرف تین نومبرکو عدالت میں طلب

ٓٓاسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء )اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویزمشرف کوتین نومبرکوطلب کرلیا،پراسیکیوٹر کی جانب سے پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا عدالت نے مستردکردی وکیل صفائی صفدر جاوید نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی اور کہا کہ سابق صدر علالت کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکے۔

حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یکم نومبر کو پرویز مشرف اسلام آباد آ رہے ہیں۔ آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہو جائیں گے۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے میڈیکل رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ عدالت پابند نہیں کہ ڈاکٹروں کی رائے پر ملزم کو استثنٰی دے دیا جائے۔ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ مسترد کی جائے۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی ضمانت خارج کر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پرویز مشرف کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ججز نظر بندی کیس کی سماعت تین نومبر تک ملتوی کر دی۔