پاکستان کا کشیدگی کے حل کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع ناقابل قبول ہے ، بھارت

پیر 13 اکتوبر 2014 22:22

پاکستان کا کشیدگی کے حل کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع ناقابل قبول ہے ، بھارت

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) بھارت نے پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اقوام متحدہ سے تحقیقات کرانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی تنازعات شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ کے تحت حل ہونگے ۔ تیسرے فریق کی مداخلت ناقابل قبول ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اکبر الدین نے کہا کہ نئی بھارتی حکومت پر پرامن ماحول میں باہمی مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تاہم پاکستان نے بدلے میں کیا دیا وہ خارجہ سیکرٹری مذاکرات سے قبل واضح ہوگیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ کشیدگی ختم کرے یا اسے بڑھائے ہم اس ضمن میں پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں کا معقول جواب دینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کی سکیورٹی فورسز کو بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر موجودہ جارحیت ختم کرنی چاہیے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے سامنے پاکستان کی جانب سے احتجاج درج کرنے پر انہوں نے کہا کہ شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ کے تحت اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ کس طرح باہمی تنازعات حل کئے جاسکتے ہیں اور اس عمل میں کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی کوئی گنجائش نہیں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کوئی عملی کام نہیں کررہے ہیں ۔