آئی سی سی کی پابندی کے باوجود جادو گر اسپنر سعید اجمل کی ایک روزہ کرکٹ کی نئی رینکنگ میں بادشاہت برقرار

پیر 13 اکتوبر 2014 23:41

آئی سی سی کی پابندی کے باوجود جادو گر اسپنر سعید اجمل کی ایک روزہ کرکٹ ..

دبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بالنگ ایکشن پر پابندی کے باوجود پاکستان کے جادو گر اسپنر سعید اجمل کی آئی سی سی کی ایک روزہ کرکٹ کی نئی رینکنگ میں بادشاہت برقرار ہے۔آئی سی سی کی نئی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا نے 3ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، آسٹریلیا 114 رینٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ بھارت اور جنوبی افریقہ 113 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ طوفان کے باعث ملتوی ہونے کے بعد اب اگر بھارت باقی دونوں میچز جیت بھی جاتا ہے تو اس کی پوزیشن دوسری ہو گی۔ آئی سی سی کی ٹیم رینکنگ میں سری لنکا 111 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، انگلینڈ 107 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ 98 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی پلیئر رینکنگ میں سعید اجمل بالنگ ایکشن پر پابندی کے باجود پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جب کہ دوسرا نمبر سنیل نارائن اور تیسرا نمبر ڈیل اسٹین کا ہے۔

بیٹنگ کے شعبے میں پہلی دونوں پوزیشنز پر جنوبی افریقی بلے باز براجمان ہیں، پہلا نمبر اے بی ڈیویلیئر جبکہ دوسرا نمبر ہاشم آملہ کا ہے، تیسری پوزیشن بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی ہے، بلے بازوں کی رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا نمبر 13واں اور احمد شہزاد 17ویں نمبر پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :