دھرنے اپنی سیاسی موت مر چکے ، 18 کروڑ عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے اصل چہرے پہچان گئے ہیں، محمدشہبازشریف

منگل 14 اکتوبر 2014 16:14

دھرنے اپنی سیاسی موت مر چکے ، 18 کروڑ عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والو ں نے ملک کو ترقی کی راہ سے ہٹانے کی ناپاک سازش کی اور 18 کروڑ عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے اصل چہرے پہچان چکے ہیں، دھرنے اپنی سیاسی موت مر چکے ہیں،پوری قوم جان چکی ہے کہ ملک کی بے لوث خدمت کون کر رہا ہے اور انتشار کی سیاست کون ؟ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دھرنوں سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے محنت، لگن، عزم اور نئے جذبے سے کام کریں گے۔

وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے منگل کے روز وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے عبیداللہ خان شادی خیل، ایم پی اے امانت اللہ خان شادی خیل، سابق ایم پی اے علی نور خان نیازی، فیصل آباد سے ایم پی ایز شیخ اعجاز احمد، رانا شعیب ادریس خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ایم پی اے کامریڈ میاں محمد رفیق اور جھنگ سے ایم پی اے محمد اعظم چیلہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔ دیانتداری سے صوبے کے عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے ، پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے۔

عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا مفاد انہیں سب سے زیادہ عزیز ہے۔ قومی وسائل کو امانت سمجھ کر شفاف طریقے سے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خرچ کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر شفاف انداز سے عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ عوام کا پیسہ ان کی فلاح پر ہی خرچ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم ،صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کررہی ہے۔

پنجاب میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے شرح ترقی میں اضافے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے اصلاحات عمل میں لائی جا رہی ہیں اور اس مقصد کے لئے ا نفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جار ہا ہے۔

تعلیم، صحت، امن و امان، صاف پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تیز رفتاری سے کام کرنا ہوگا۔ہر محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمے اپنے ٹارگٹ مقرر کرکے اس کے حصول کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور پنجاب حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ ان کا دامن کرپشن سے پاک ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کانٹوں کو چن چن کر علیحدہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بے وقت کے دھرنوں کے باعث ملک کا بے پناہ نقصان ہوا ہے۔ دھرنے دینے والوں نے ملک و قوم کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی ہے، اس پر 18 کروڑ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں اور انشاء اللہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کی امنگوں پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور عوام کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔