بلاول بھٹو زرداری منگل کو اچانک کراچی کے قدیم ترین علاقے لیاری پہنچ گئے

منگل 14 اکتوبر 2014 19:55

بلاول بھٹو زرداری منگل کو اچانک کراچی کے قدیم ترین علاقے لیاری پہنچ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری منگل کو اچانک کراچی کے قدیم ترین علاقے لیاری پہنچ گئے ، جہاں ان کا زبردست استقبال کیا گیا ۔ پورا علاقہ جئے بھٹو ، جئے بے نظیر بھٹو اور جئے بلاول بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا ۔ بلاول بھٹو کو اچانک اپنے درمیان پا کر لوگوں کو خوشگوار حیرت ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بڑی تعدادمیں وہاں لوگ جمع ہو گئے ۔

بلاول بھٹو سکیورٹی کی پروا کیے بغیر لوگوں میں گھل مل گئے ۔ انہوں نے علاقہ مکینوں سے ان کے مسائل معلوم کیے اور علاقے میں امن وامان کی صورت حال کے بارے میں دریافت کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری سانحہ 18 اکتوبر 2007ء میں شہید ہونے والے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے گھروں پر بھی گئے اور ان خاندانوں کی خیریت دریافت کی اور ان شہداء کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاری کے لوگوں کا پیپلزپارٹی سے خونی رشتہ ہے ۔ میری والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ کہا کرتی تھیں کہ لیاری کے عوام میرے محسن ہیں ، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کے لیے قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام سے کہتا ہوں کہ آپ کے مسائل کے حل کے لیے بی بی کا بیٹا آ گیا ہے ۔

ہم لیاری کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔ لیاری کے مسائل کو حل کریں گے ۔ لیاری میں تعلیمی سہولیات کو بڑھائیں گے اور روز گار کے مواقع فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کو پیپلز پارٹی کراچی میں تاریخ ساز جلسہ کرے گی اور آئندہ کی پارٹی پالیسیوں کا اعلان کرے گی ۔ لیاری کے دورے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے کھارادر میں واقع حضرت شاہ دولہا سبزواری کے مزار پر حاضری دی ، وہاں پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

لیاری سے واپسی پر بلاول بھٹو زرداری نے کلفٹن میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بھی حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعا کی ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید اویس مظفر ، عبدالقادر پٹیل اور دیگر بھی موجود تھے ۔