پیپلزپارٹی کاجلسہ ،استقبالیہ کیمپ کارکنوں سے بھرگئے

جمعہ 17 اکتوبر 2014 14:19

پیپلزپارٹی کاجلسہ ،استقبالیہ کیمپ کارکنوں سے بھرگئے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اکتوبر۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے کل ہفتہ کو ہونے والے جلسے سے قبل ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ لگادیے گئے جہاں پارٹی ترانوں پرجیالے رقص کررہے ہیں۔کراچی کی اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے استقبالیہ کیمپ لگادیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو 18 اکتوبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے اعلانات کے ساتھ ساتھ ، پارٹی کے نئے اورپرانے نغمات سے عوام کو متوجہ کیا جارہا ہے۔

استقبالیہ کیمپوں پر بے نظیر بھٹو شہید کی آڈیورکارڈنگ بھی چلائی جارہی ہے اورپارٹی ترانوں پرکارکنوں کو والہانہ رقص کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔جیالوں کا کہنا ہے کہ وہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے نواسے کو شایان وشان طریقے سے ویلکم کریں گے۔

(جاری ہے)

بلاول کا استقبال دنیا دیکھے گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت سکیورٹی انتظامات میں جمعرات کوجلسہ گاہ کادورہ بھی کیا جہاں انہیں جلسے کے انتظامات سے آگاہ کیاگیا۔

اس موقع پرموجود جیالوں نے اپنے قائد کا پْرتپاک استقبال کیا اور بلاول کے حق میں نعرے لگائے۔پیپلزپارٹی کے رہنماوں کاکہناہیکہ کارکن بلاول بھٹو زرداری کی آواز پر لبیک کہیں گے۔پیپلز پارٹی کے جلسے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔کراچی کی شاہراہوں پر قائم کیمپوں پر جیالوں کا جوش وجذبہ بڑھتا جارہا ہے۔ پارٹی گیتوں پررقص اوران کی خوشیاں عروج پر نظرآرہی ہیں۔ ادھر 18 اکتوبر کو بلاول بھٹو کے جلسے کو کامیاب کرانے کیلئے شہداد پور میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جس میں لطیف پارک‘ علی چوک‘ ابڑا پاڑہ اور دیگر مقامات شامل ہیں جہاں پر بڑے بڑے اسپیکر لگا کر عوام کو 18 اکتوبر کے جلسے میں شرکت کیلئے اپیل کرتے رہے۔