پاکستان نے ایران کی جانب سے دہشتگردی کے الزامات مسترد کر دیئے

جمعہ 17 اکتوبر 2014 15:21

پاکستان نے ایران کی جانب سے دہشتگردی کے الزامات مسترد کر دیئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر 2014ء) دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان اور ایران دوست ہمسایہ ممالک ہیں، خطے میں تمام ممالک دہشتگردی کا شکار ہیں۔ سرحدیں محفوظ نہ ہونے کے باعث دہشتگرد ایک ملک سے دوسرے میں چلے جاتے ہیں، دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے خطے کے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران میں حالیہ دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث افراد کے پاکستان سے جانے کے شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کے پاکستان میں موجودگی سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا پاکستان اپنی سرزمین ایران یا کسی بھی اور ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ بھارت یکم اکتوبر سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتا رہا۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے ہمارے 12 شہری شہید ہوئے۔ بین الاقوامی برادری کو ان واقعات کے بارے میں اسلام آباد میں بریفنگ دی گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ پر تشویش ہے۔ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ کی قرارداد خوش آئند ہے۔ اپنے سفارتخانوں کو ایبولا وائرس کے حوالے سے تدابیر کرنے کیلئے کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائبریا سمیت دیگر افریقی ممالک میں اقوام متحدہ امن مشن میں شامل اپنے فوجیوں کو بھی احتیاط برتنے کا کہا ہے۔ نئی افغان قیادت کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کی۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ افغان قیادت کے دورہ پاکستان کی تاحال تاریخیں طے نہیں ہوئیں، بھارت کو خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ شروع کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ پاکستان کے مفاد میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں، امریکہ نے دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے کوئی وراننگ دی ہے نہ دے سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :