ملتان الیکشن میں نواز اور زرداری دونوں کی وکٹ گر گئی : شاہ محمود قریشی

جمعہ 17 اکتوبر 2014 18:57

ملتان الیکشن میں نواز اور زرداری دونوں کی وکٹ گر گئی : شاہ محمود قریشی

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر۔2014ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سرگودھا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایک گیند سے دو وکٹیں گرانے کی بات کی تھی اور کل ملتان کے الیکشن میں نواز شریف اور آصف زرداری کی وکٹ ایک ساتھ گرا دی۔ایک طرف اس حلقے سے ذوالفقار علی بھٹو نے الیکشن جیتا تھا اور کل کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کی ضمات ضبط ہونا اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ تبدیلی آ گئی ہے۔

جلسے میں تقریر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 60 سالوں سے قوم کا سر جھکا ہوا تھا لیکن اب عمران خان نے اس قوم کو جگا دیا ہے۔ہم وفاقی جماعت ہیں اور اب سندھ کا رخ کرتے ہوئے21 نومبر کو لاڑکانہ جا رہے ہیں اور وہاں اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاڑکانہ کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ والو ہم آ رہے ہیں تم لوگ تیاری کر لو۔

ایک بار پھر نواز شریف اور آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مک مکا کی سیاست اب نہیں چلنے دیں گے۔جب یہ سیاست ختم ہو گی تو نواز شریف کو گھر جانا ہو گا۔18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں بھی " گو نواز گو " کے نعرے لگیں گے۔تمام سیاست دانوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے سیاست کی ٹیوشن پڑھنی ہو تو عمران خان سے مفت ٹیوشن پڑھ لیں۔اب عوام جاگ گئی ہے اور آپ سب کی باتوں میں نہیں آئے گی۔اب بلے پر مہر لگے گی تو بلے بلے ہو جائے گی۔