مایوس نہیں خود پر بھروسہ ہے ‘ اچھی کار کر دگی دکھا کر برے وقت سے نکلنے میں کامیاب ہو جاؤنگا ‘ مصباح الحق

پیر 20 اکتوبر 2014 14:46

مایوس نہیں خود پر بھروسہ ہے ‘ اچھی کار کر دگی دکھا کر برے وقت سے نکلنے ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ مایوس نہیں خود پر بھروسہ ہے ‘ اچھی کار کر دگی دکھا کر برے وقت سے نکلنے میں کامیاب ہو جاؤنگا ‘ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی ‘ پاکستان دستیاب بالرز کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم کا مقابلہ کریگا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں کہا کہ دنیا کے ہر بیٹسمین کو اپنے کریئر میں اتار چڑھاوٴ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور برے وقت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ مثبت سوچ اختیار کرتے ہوئے کوشش جاری رکھیں کیونکہ ایک ہی اننگز آپ کو پھر سے معمول پر لے آتی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ وہ رنز نہ ہونے سے مایوس نہیں ہیں البتہ تھوڑی بہت پریشانی ضرور ہوتی ہے اور دباوٴ بھی ہوتا ہے تاہم انھوں نے خود پرگھبراہٹ طاری نہیں کر رکھی انھیں خود پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مثبت سوچ کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنے اور اپنی ٹیم کیلئے بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز پاکستانی ٹیم ضرور ہاری ہے انہوں نے کہاکہ انھیں یقین ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ایک بار پھر جیت کی راہ پر آ جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا ہے۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی مستحکم ہے اور آسٹریلیا کی ٹیم بھی ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ تجرب کار نہیں ہے تاہم پاکستانی ٹیم کو سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی ان کی غیرموجودگی پاکستانی ٹیم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ جنید خان، وہاب ریاض اور عمرگل بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں ہیں لیکن کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کے معاملے میں آپ کچھ بھی نہیں کرسکتے۔

یہ صورتحال کسی بھی ٹیم کو درپیش ہو سکتی ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ سعید اجمل کے نہ ہونے کے نتیجے میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے۔ذوالفقار بابر بھی ویسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو ماضی میں دوسرے بولرز دکھاتے آئے ہیں جبکہ یاسر شاہ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی بولنگ کر کے ٹیم میں جگہ بنائی ہے ۔مصباح الحق نے کہا کہ جو بھی بولرز دستیاب ہیں ان کے ذریعے پوری ہمت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :