بجلی کے نرخوں میں 43 پیسے اضافہ، نرخ بڑھانے سے 147 ارب روپے کی آمدنی ہوگی

پیر 20 اکتوبر 2014 15:00

بجلی کے نرخوں میں 43 پیسے اضافہ، نرخ بڑھانے سے 147 ارب روپے کی آمدنی ہوگی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) الیکٹرک کے علاوہ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کیلئے بجلی کے نرخوں میں 43 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نرخ بڑھانے سے 147 ارب روپے کی آمدنی ہوگی جس سے دبئی میں 29 اکتوبر کو آئی ایم ایف سے معطل ہوئے مذاکرات کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ذرائع نے بتایا کہ یہ اضافہ وزرات پانی و بجلی نے ایک سرچارج کی صورت میں کیا کیونکہ نیپرا نے بنیادی نرخوں میں اضافہ قانونی اور تکنیکی بنیادوں پر مسترد کردیا تھا یہ اضافہ آئندہ ماہ کے بل میں عوام سے وصول کیا جائے گا اور 16 اکتوبر سے اس کا اطلاق ہوگیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگست 18 کو ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے جس کی وجہ سے ستمبر میں 550 ملین ڈالر کی فراہمی معطل کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف 29 اکتوبر سے 7 نومبر کے درمیان بات چیت کرنے پر رضامند ہوگیا۔دونوں ریویوز جمع کرکے دسمبر میں آئی ایم ایف کی جانب سے ممکنہ طور پر حکومت کو 1.1 بلین ڈالر کی رقم مل سکتی ہے۔

حکومت کو او جی ڈی سی ایل کے شیئرز بین الاقوامی مارکیٹ میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ اس پر چل رہے عدالتی مقدمات ہیں۔نرخوں میں اضافے کے حوالے سے وزرات بجلی کے ایڈیشنل سیکرٹری سہیل اکبر شاہ نے اس وقت مطلع کیا تھا جب انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈیویڑن سے یونس داگھا کے ماتحت کام نہ کروانے کی درخواست کی تھی کیوں کہ وہ خود سے جونیئر افسر کے ماتحت کام نہیں کرنا چاہتے تھے۔

ایک سینئر بیوروکریٹ نے بتایا کہ شاہ نے 43 پیسے کے اضافے کی سمری بھیجی تھی تاہم ساتھ میں بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک اپنے مظاہروں کے دوران اس پیشرفت کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں اسی وجہ سے اس نوٹیفیکیشن کو پبلک نہیں کیا گیا ایک اورنجی ٹی وی کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے ایکولائزیشن سرچارج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نئے سرچارج کے ذریعے تیس پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے جس سے ماہانہ چار ارب روپے وصول ہونے کا امکان ہے۔

ای کیو سرچارج کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاوہ بجلی کے تمام صارفین پر لاگو ہوگا ۔ ای کیو سرچارج ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے لگایا گیا پاور پلانٹس کو واجبات کی ادائیگی تاخیر کے باعث سود کی رقم صارفین ادا کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :