پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ، ہم کشمیریوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ،عبد القادر بلوچ ،بھارت سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ، بھارتی توپیں گرجیں گی تو انہیں وہیں چپ کرا دینگے،کوئی بھارتی طالع آزما غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان اور بھارت ایٹمی صلاحیت رکھتے ہیں ہم ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں ایٹمی صلاحیت ملکی دفاع کیلئے ہے سرد خانے میں رکھنے کیلئے نہیں کوئی میری اس بات کو دھمکی نہ سمجھے، وفاقی وزیر سیفران کا قومی اسمبلی میں پالیسی بیان ،ہر دفعہ بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی جاتی ہے جس سے ہماری نہتی عوام کا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے، زاہد حامد،بھارت کو سویلین آبادی پرفائرنگ اور گولہ باری سے اجتناب کرنا چاہیے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

پیر 20 اکتوبر 2014 22:04

پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ، ہم کشمیریوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر سیفران عبد القادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ، ہم کشمیریوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ، بھارت سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ، بھارتی توپیں گرجیں گی تو انہیں وہیں چپ کرا دینگے، کوئی بھارتی طالع آزما غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان اور بھارت ایٹمی صلاحیت رکھتے ہیں ہم ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں ایٹمی صلاحیت ملکی دفاع کیلئے ہے سرد خانے میں رکھنے کیلئے نہیں کوئی میری اس بات کو دھمکی نہ سمجھے ۔

پیر کو قومی اسمبلی میں سرحدوں پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے بحث سے قبل پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر سیفران نے کہا کے میں نے خود فوج میں خدمات سر انجام دی ہیں اور تمام معاملات کو اچھی طرح سمجھتا ہوں ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے کبھی بھارت کی سول آبادی کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ یہ مردانگی نہیں‘ ہم کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے اور ان کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے‘ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک ہے اور ہمارا جوہری اثاثہ ہمارے دفاع کے لئے ہے‘ پہلے بھی بھارتی جارحیت کا جواب دیا ہے آئندہ بھی دیں گے‘ بھارت کو اپنے نہتے لوگوں کو مزید ٹارگٹ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت معاملات کو الجھانا چاہتا ہے لائن آف کنٹرول پر رینجرز تعینات ہیں، بھارت ہماری سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ، ہم سول آبادی کو نشانہ نہیں بناتے کیونکہ یہ مناسب بات اور مردانگی نہیں ہے تاہم اس کا ہم نے پہلے بھی بھرپور جواب دیا ہے آئندہ بھی دیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی اس معاملے پر طلب کیا گیا تھا ہم کشمیریوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

ہم ان کی بھرپور سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ ڈی ایم اوز کی سطح پر بھارت کے ساتھ رابطہ کیا جارہا ہے‘ بھارت کو کسی غلط فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے‘ دونوں ایٹمی ملک ہیں پاکستان نے اپنے جوہری اثاثوں کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ سنبھال کر رکھا ہوا ہے‘ ہم اپنے نہتے لوگوں کو مزید نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہمارا جوہری اثاثہ دفاع وطن کے لئے ہے۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات پر شدید افسوس ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو سویلین آبادی پرفائرنگ اور گولہ باری سے اجتناب کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا شکار ہونے والے 14 میں سے 11 افراد کا تعلق ان کے حلقہ سے ہے۔

ہر دفعہ بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی جاتی ہے جس سے ہماری نہتی عوام کا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے بھارت کو فوری جواب دینے پر پاک فوج کے کردار کو سراہا اور کہا کہ زخمیوں کو پاک فوج کی جانب سے فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب متاثرین کے پاس چل کر گئے اور شہدا کے لواحقین کے لئے امداد کا اعلان کیا۔ بھارتی جارحیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کو بھی خط لکھا ہے۔ کنٹرول لائن کے نزدیک آبادی کو محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کے لئے ہم نے زمین کے حصول کے لئے متعلقہ ڈی سی او کو بھی درخواست دیدی ہے۔ ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کرینگے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔