وزیراعلیٰ کا ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ، کھلاڑیوں کو 2، 2 لاکھ روپے انعام دیا،”میں“ کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے، پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ”ہم“ کا راستہ اپنانا ہوگا:شہبازشریف

منگل 21 اکتوبر 2014 18:39

وزیراعلیٰ کا ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، اس کے فروغ اور ہاکی کے کھیل میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے ہرممکن تعاون اور وسائل فراہم کریں گے۔ ایک وقت تھا کہ ہاکی کے کھیل میں دنیا بھر میں پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا ۔ قوموں کی زندگیوں میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں۔

سخت محنت ، جدوجہد، عزم، نئی سوچ اور حوصلے کے ساتھ مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ہاکی کے کھیل میں سبز ہلالی پرچم کو ایک بار پھر دنیا بھر میں بلند کیا جا سکتا ہے۔ کھیل کے میدان میں سیاست ہوتی ہے نہ کوئی اور ترجیح، صرف کھیل ہی پہلی اور اولین فوقیت ہوتا ہے۔ پاکستان عظیم ملک ہے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی ذات سے بالاتر ہو کر سب کو ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

صرف ”میں“ کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ”ہم“ کا راستہ اپنانا ہوگا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں 2، 2 لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن، کوچ اور مینجر کو ایشین گیمز کا فائنل کھیلنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے نامساعد حالات کے باوجود محنت کے ذریعے اچھا کھیل پیش کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مجھے ہاکی کے درخشندہ ستاروں سے مل کر بے حد خوشی ہو رہی ہے جنہوں نے شاندار کھیل پیش کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے میدان میں درخشاں تاریخ رکھتا ہے، ہماری قومی ہاکی ٹیم نے کئی ورلڈ کپ اور اولمپکس جیتے، میڈلز حاصل کئے اور دنیا بھر میں پاکستان کو ہاکی کے حوالے سے متعارف کرایا۔ ہاکی کی اپنی شاندار روایات کو زندہ کرنے کیلئے محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان محنت، عزم اور حوصلے کے ساتھ ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، پنجاب حکومت نے پہلے بھی ہاکی کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز دیئے اور آئندہ بھی دیں گے۔ پنجاب حکومت ہاکی کے فروغ کیلئے جو کچھ ہو سکا کرے گی اور اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائے گی ۔ کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے بھی ہرممکن معاونت کی جائے گی اور کھلاڑیوں کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ ہمت کریں اور آگے بڑھیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں اور انہوں نے کھیل کے میدان کے اندر اور باہر بہترین ٹیم ورک سے یہ بات ثابت کی ہے۔ بھارت کے خلاف فائنل میں اچھا کھیل کر بھی آپ ہارے لیکن اصل جیت کھیل کی ہوئی ہے اور یہی ٹیم سپرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے ،اسے نکھار کر سامنے لانے کی ضرورت ہے۔

کسی بھی کھیل میں ہار جیت نہیں بلکہ سپرٹ اہم ہوتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ قومی ہاکی ٹیم سبز ہلالی پرچم دوبارہ بلند کرے گی۔ دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں عزم اور حوصلے سے کھویا ہوا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ دنیا میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ قوموں نے شکست کے بعد صرف محنت اور حوصلے کی کنجی اپنا کر اپنا مقام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان میں مدعو کرے میں سکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کراتا ہوں اور اس ضمن میں وفاقی حکومت بھی آپ کی پوری معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کے بے پناہ ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سپورٹس بالخصوص ہاکی کے کھیل میں جس طرح تعاون فراہم کیا ہے اور اس کی سرپرستی کی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔

اقوام متحدہ نے بھی پنجاب میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ہے۔ گزشتہ 3 سالوں میں 4312 کھیل کے میدان تیار کئے گئے ہیں اور 18219 کھیلوں کی منفرد سہولیات فراہم کرکے ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس ٹریننگ پروگرام کو بھی کامیابی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ پنجاب میں کھیلو ں کے فروغ کیلئے ٹریننگ اکیڈمیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے ہاکی کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کے باعث ہی قومی ٹیم ایشین گیمز میں شریک ہوئی ہے۔ کھیلوں کے فروغ کی ذمہ داری تمام صوبائی حکومتوں کی ہے تاہم پنجاب حکومت نے اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے دم توڑتے ہوئے ہاکی کے کھیل کو آکسیجن فراہم کی ہے اور جب مورخ تاریخ لکھے گا تو شہبازشریف کا نام سرفہرست ہوگا۔

شہبازشریف اسی طرح ہمیں سپورٹ فراہم کرتے رہے تو ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی مدد سے پوری دنیا میں ہاکی کے میدان میں سبز ہلالی پرچم دوباہ لہرائیں گے۔ سابق نامور کھلاڑی و کوچ شہناز شیخ نے ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، اراکین صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد، تہیہ نون، حنا پرویز بٹ، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن چوہدری اختر رسول، سیکرٹریز یوتھ افئیرز و کھیل، اطلاعات، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :