متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی لڑائی میاں بیوی کی لڑائی جیسی ہے جلد راضی ہوجائیں گے، جمشید دستی

منگل 21 اکتوبر 2014 21:07

متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی لڑائی میاں بیوی کی لڑائی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی لڑائی میاں بیوی کی ہے جلد راضی ہوجائیں گے،صوبہ ہزارہ اور سرائیکی صوبے کی ملک کو اشد ضرورت ہے،بننے چاہئیں،رحیم یار خان کے8مزدوروں کے قتل پر وزیراعلیٰ پنجاب کو استعفی دینا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے اندر صرف غریب کو ہتھکڑی لگتی ہے امیر اور طاقتور لوگوں کو قانون کچھ نہیں کہتا،اگر میں کسی کا آلہ کار ہوں تو میرا منہ کالا کرکے چوک میں لٹکا یا جائے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی لڑائی میاں بیوی کی طرح ہے جلد دوبارہ صلح ہوجائے گی،الطاف حسین کی صبح اور رات کا کچھ پتا نہیں چلتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ترمیمی آئینی بل ہزارہ صوبہ اور سرائیکی صوبے کیلئے جمع کروایا ہے لیکن حکومت کی جانب سے مسترد کرنے پر مایوسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں صوبے بنتے ہیں لیکن ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ یہاں وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے صوبے نہیں بنائے جارہے۔انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے دورے پر26 کروڑ روپے خرچ کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے میڈیکل سٹور پر48 کروڑ کی دوائیاں منگوائی جاتی ہیں جس سے میں نے کبھی ایک گولی بھی نہیں لی،پارلیمنٹ لاجز میں ابھی بھی شراب اور لڑکیاں سپلائی کی جاتی ہیں،میری زندگی پرندے کی طرح ہے جو مل گیا کھا لیتا ہوں نہ ملا تو بھوکا بھی رہ لیتا ہوں۔۔