شمالی وزیرستان، دوستامہ میچ آفریدی الیون نے جیت لیا، شاہد آفریدی نے انعامات تقسیم کیے

بدھ 22 اکتوبر 2014 15:05

شمالی وزیرستان، دوستامہ میچ آفریدی الیون نے جیت لیا، شاہد آفریدی ..

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) بنوں میں شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے دوستانہ میچ آفریدی الیون نے جیت لیا ، بوم بوم نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ملک میں قیام امن کی خاطر گھر بار چھوڑنے والے شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے پاک فوج نے بنوں بکاخیل کیمپ میں کرکٹ میچ کا انتظام کیا۔ شاہد آفریدی الیون اور ٹی ڈی پی الیون کے درمیان کرکٹ میچ مقرر کیا گیا۔

دونوں ٹیموں میں متاثرہ علاقوں کے کھلاڑی شامل تھے ۔ آئی ڈی پیز کیمپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دس ، دس اوورز کا میچ کھیلا گیا ۔ شاہد آفریدی الیون کی قیادت سٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے کی جبکہ ٹی ڈی پی کرکٹ ٹیم کے کپتان کرنل اظہر تھے ۔ شاہد آفریدی جب میدان میں پہنچے تو شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس ہوا اور شاہد آفریدی الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ شاہد آفریدی نے اپنی روایتی جارحانہ بیٹنگ کی اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے سولہ گیندوں پر پینتالیس رنز سکور کیے ۔ بوم بوم آفریدی کو اپنے درمیان دیکھ کر متاثرین کی خوشی دیدنی تھی ۔ شاہد آفریدی الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ دس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 88رنز بنائے ۔

ٹی ڈی پی الیون کے عامرعزیز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ہدف کے تعاقب میں ٹی ڈی پی کی ٹیم ستاون رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ، شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ میچ کے اختتام پر بوم بوم آفریدی نے کھلاڑیوں نے انعامات تقسیم کیے ۔ پاک فوج اور سویلیں افسروں کی بڑی تعداد بھی میچ دیکھنے کے لیے موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :