بھارت: بنگلور میں تین سالہ طالبہ جنسی زیادتی کا شکار

بدھ 22 اکتوبر 2014 16:04

بھارت: بنگلور میں تین سالہ طالبہ جنسی زیادتی کا شکار

بنگلو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء)جنوبی بھارت کے معروف شہر بنگلور کے ایک سکول میں کے جی (درج اطفال) میں پڑھنے والی ایک طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔متاثرہ لڑکی کی عمر تین سال دس ماہ ہے اور یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے شمالی علاقے کے ایک سکول میں پیش آیا۔سکول سے واپس آنے کے بعد متاثر بچی نے اپنے والدین سے ’سکول کے انکل‘ کی وجہ سے ہونے والے درد کی شکایت کی۔

والدین نے جب بچی کے درد کی جگہ کو دیکھا تو اس کے جنسی اعضا کے ارد گرد نشانات دیکھے۔ اس کے بعد انھوں نے پولیس سے رجوع کیا اور شکایت درج کرائی۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ میڈیکل رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم نے سکول کے تمام ملازمین سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ہم سکول کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ریڈی نے مزید بتایا: ’بچوں کے خلاف جنسی جرائم سے متعلق قانون کی دفعہ چار اور چھ کے تحت ہم نے ریپ کا مقدمہ درج کیا ہے۔تین ماہ پہلے بنگلور ہی میں ایک دوسرے سکول میں چھ سال کی بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا تھا اور لوگوں نے اس کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرہ کیا تھا۔اس کے بعد پولیس نے سکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی تھیں۔دو سال قبل دہلی میں ایک چلتی بس میں گینگ ریپ کے واقعے پر بھارت میں جنسی تشدد اور ریپ کے واقعات کے خلاف ملک گیر پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے اور اس کے تعلق سے قانون سخت کیے گئے تھے۔