امن چاہتے ہیں مگر بھارت نے خلاف ورزی کی تو خاموش نہیں رہ سکتے،عسکری ترجمان

بدھ 22 اکتوبر 2014 21:39

امن چاہتے ہیں مگر بھارت نے خلاف ورزی کی تو خاموش نہیں رہ سکتے،عسکری ..

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر 2014ء) پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بار باراعلان کرچکا ہے کہ بارڈر پرامن چاہتے ہیں تاہم اگر بھارت کی جانب سے جب بھی سرحدی خلاف ورزی ہوگی اس پر خاموشی کے بجائے بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔بدھ کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان بارڈر پر کسی بھی قسم کی جنگ یا جھڑپ نہیں چاہتا اور ہمیشہ سرحد پر امن کی بات کرتا ہے تاہم اگر سرحد پار سے جارحیت کی جائے گی تو اس پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن “ضرب عضب” جلد مکمل کرلیا جائے گا تاہم آپریشن کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا آپریشن منصوبہ کے مطابق درست سمت کی جانب گامزن ہے جبکہ آپریشن کے دوران اب تک 1100 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کے ان علاقوں میں خفیہ اطلاعات پرآپریشن جاری ہے جہاں دہشت گرد دوبارہ پاوٴں جمانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب سے قبل بعض دہشتگرد علاقہ چھوڑ کر افغانستان کے راستے کوکل خیل اور وادی تیرا میں اکٹھے ہوگئے اور ایک منصوبے کے تحت ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو تمام سہولیات دینا چاہتے ہیں اور ان کی اپنے علاقوں میں واپسی ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :