دہشت گردی کے الزام میں چار سعودی خواتین کو سزائے قید

جمعرات 23 اکتوبر 2014 12:49

دہشت گردی کے الزام میں چار سعودی خواتین کو سزائے قید

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء)سعودی عرب کی ایک فوج داری عدالت نے دہشت گردی اور تکفیری نظریات کی ترویج کے الزام میں چار خواتین کو چھ سے 10 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ سزا پانے والی خواتین شدت پسند تنظیم القاعدہ سے بھی رابطے میں رہی ہیں اور گذشتہ کچھ عرصے کے دوران گمراہ فرقوں کی حمایت میں سرگرم پائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ریاض کی عدالت کی جانب سے جاری مقدمہ کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سزا یافتہ اپنے عزیز و اقارب کو بیرون ملک جنگی محاذوں پر’جہاد‘ کے لیے خود تیار کرکے بھجواتی رہی ہیں۔

ان کے خیال میں سعودی شہریوں پر جہاد ’فرض عین‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خواتین نے نہ صرف خود جنگی تربیت حاصل کر رکھی ہے بلکہ وہ اپنے ساتھ کئی دوسری خواتین کو بھی شامل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ ان میں سے بعض نے بیرون ملک القاعدہ تنظیم کے لیے فنڈز بھی بھجوائے ہیں۔دہشت گردی میں ملوث خواتین سکیورٹی اداروں کی جانب سے ممنوع قرار دی گئی ویب سائیٹس کو ”پراکسیز“ کے ذریعے کھولنے اور جنگ وقتال کے موضوعات پر آڈیو، ویڈیو اور تحریری مواد ڈاؤن لوڈ کرتی رہی ہیں۔