مسئلہ کشمیر کا حل، بھارتی حکومت بہانے بنارہی ہے، بلاول بھٹو

جمعرات 23 اکتوبر 2014 21:43

مسئلہ کشمیر کا حل، بھارتی حکومت بہانے بنارہی ہے، بلاول بھٹو

نو ڈیرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیری جانتے ہیں کہ مسئلہ کے حل کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ کیا ہے تاہم بھارت خطے میں امن نہیں چاہتا اس لئے پاکستان پر الزام تراشیاں کرتا رہتا ہے اور مسلسل پاکستان کے امن عمل کو سبوتاڑژکر رہا ہے، پاکستانی اور بھارتی نوجوان مل کر خطے میں امن قائم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں کا۔بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی حکمرانوں ایک اور پیغام دے ڈالا، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دو ٹوک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری مسئلے کے حل کے راستے پر متفق ہیں لیکن بھارتی حکومت بہانے بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بلاول کا کہنا کہ سرحد کے دونوں جانب کے نوجوان جنگ نہیں چاہتے خطے میں امن آکر رہے گا۔

پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں ، نو ڈیرو میں دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے سیاسی پلان بھی بتادیا، ان کا کہنا تھا کہ ووٹ بینک بڑھانے کیلئے شہر شہر ریلیاں نکالی جائیں گی۔ چھبیس سالہ بلاول بھٹو نے دھرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، پی پی چیئرمین کے مطابق سیاسی یتیم اور کٹھ پتلیاں ملک کو آمریت کی جانب دھکیلنا چاہتی تھیں تاہم ایسا ممکن نہ ہوا، پاکستان میں جمہوریت ہے اور انتخاب کے ذریعے اقتدار کی منتقلی عمل میں آئی ہے۔

دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر ہونیوالے خودکش حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوگئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک کی ہرچیز کو ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں اور بم اور گولی سے اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں ،وہ اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی کی سزا پوری قوم کو دینا چاہتے ہیں اور ناکامی کی وجہ سے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں پر حملے کررہے ہیں ۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن کی درازی عمر کیلئے دعا بھی کی اور کہا کہ دہشت گردی کے سرطان کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑ ے گا ۔پیپلز پارٹی دہشت گردی کیخلاف جنگ کی حمایت جاری رکھے گی ۔