دبئی ٹیسٹ،سپنرز کا جادو چل گیا، پاکستان جیت کی راہ پر

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 18:58

دبئی ٹیسٹ،سپنرز کا جادو چل گیا، پاکستان جیت کی راہ پر

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر۔2014ء) آسٹریلوی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 438 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن چوتھے دن کھیل ختم ہونے پر وہ صرف 59 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔بی بی سی اُردو کے مطابق آخری دن اسے جیت کے لیے مزید 379 رنز بنانے ہیں لیکن جس طرح پاکستانی سپنرز چھائے ہوئے ہیں لگ رہا ہے یہ طوفان آسٹریلوی بیٹنگ کو اڑا کر لے جائے گا۔

ذوالفقار بابر نے ایک ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر اور ایلکس ڈولن کو پویلین کی راہ دکھادی۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر انتیس رنز بناکر سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوئے۔ ڈولن بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے۔آسٹریلیا کے لیے وہ وقت بہت کڑا تھا جب یاسر شاہ نے بھی اپنے ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اوور کی پہلی گیند پر کپتان مائیکل کلارک اور پانچویں گیند پر نیتھن لائن کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

اس طرح آسٹریلوی ٹیم نے صرف پانچ رنز کے اضافے پر چار وکٹیں گنوادیں۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 286 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈ کلیئر کردی۔اس اننگز کی شہ سرخی یونس خان اور احمد شہزاد کی شاندار سنچریوں سے بنی جن میں یونس خان کی سنچری اس لحاظ سے ہمیشہ یاد رہے گی کہ وہ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 26 سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔

پاکستان نے 38 رنز پر اننگز خاموشی کے ساتھ شروع کی ۔پہلے سیشن میں پاکستانی ٹیم سکور میں 78 رنز کا اضافہ کرسکی لیکن ساتھ ہی اسے اظہرعلی کی وکٹ کا نقصان بھی اٹھانا پڑا جو تیس رنز بناکر اوکیف کی گیند پر ہیڈن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔احمد شہزاد اور یونس خان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں ایک 168 رنز کا اضافہ کیا۔احمد شہزاد نے پہلی اننگز کی ناکامی کی تلافی اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری سے کردی جو دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر مکمل ہوئی وہ 131 رنز بنا کر اوکیف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

یونس خان نے بھی اپنی سنچری مکمل کرنے میں دیر نہیں لگائی۔ وہ چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ان کی سنچری مکمل ہوتے ہی مصباح الحق نے بیٹسمینوں کا کام ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد میدان بولرز کے حوالے تھا جو پاکستان کو جیت کے قریب لے آئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :