جانیوالا سال ہمارے لئے کچھ مسائل چھوڑ کر گیا ہے ،حل کرنے کیلئے ہمیں مزید محنت اور حوصلے کی ضرورت ہے‘ محمد نواز شریف

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 21:47

جانیوالا سال ہمارے لئے کچھ مسائل چھوڑ کر گیا ہے ،حل کرنے کیلئے ہمیں ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے نئے ہجری سال کے آغاز پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوش قسمتی سے آج نئے ہجری سال 1436 کا آغاز ہو رہا ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے رحم وکرم سے یہ سال اُمتِ مُسِلمہ کے لئے امن و خوشحالی کا سال ثابت ہو،نئے سال کی ابتدا کے موقع پر ہم اپنی تاریخ ،مذہبی روایات اور قابلِ فخر ماضی پر نظر ڈالتے ہیں تو یہ تحریک ملتی ہے کہ ہم اُسے مشعلِ راہ بنائیں اور یہ جائزہ بھی لیں کہ بحیثیت قوم گزشتہ سال میں ہم نے قوم کے لئے کون کون سے بہتر کام کئے، اِسی طرح آنے والے سال کے لئے اپنے لائحہ عمل کو بھیذ مرتب کریں تاکہ ایک متحداور با ہمت قوم کے طور پر آگے بڑھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ اپنی صلاحتیں اور سوچ ، قوم کی تعمیر نوکے لئے وقف کرتے ہوئے ہر طرح کے منفی رویوں اور تفرقہ بازی کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ، باہمی اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔

(جاری ہے)

نیا اسلامی سال اپنے آغاز سے ہی ہمیں صبروتحمل سے کام لینے کادرس دیتا ہے۔ اس کی ناقابل فراموش مثال ہمیں ہماری تاریخ سے ملتی ہے جس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اعلیٰ اقدار پر عمل پیرا ہوسکتے ہیں۔

نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جانے والا سال ہمارے لئے کچھ مسائل چھوڑ کر گیا ہے جن کو حل کرنے کے لئے ہمیں مزید محنت اور حوصلے کی ضرورت ہے ۔ خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں ہماری امداد کے منتظر ہم و طن ، جن کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اسی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثر ین، جو پورے ملک کے لئے مکمل امن کی خواہش لے کر اپنے گھروں سے نکلے اور آج واپسی کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرب ِعضب کے مقاصد حاصل ہو رہے ہیں ہماری بہادر افواج مکمل امن کے لئے پیش قدمی کر رہی ہیں تاکہ بے گھر ہونے والے تمام لوگ اپنے گھروں میں امن و سکون کی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اِس ہجری سال کے دوران پاکستان کے لئے امن وخوشحالی کی جس منزل کا تعین کیا ہے ہم اس پر ضرور پہنچیں گے۔ جو منصوبے شروع کیے گئے ہیں ان کی تیزی سے تکمیل ہوگی۔ قوم کی حمایت اور دعاؤں کے ساتھ ہم اپنے اعلیٰ مقاصد حاصل کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔میری دعا ہے کہ یہ سال پاکستان ، تمام اہلِ وطن اور عالمِ اسلام کے لئے خیروبرکت کا سال ہو ۔ آمین

متعلقہ عنوان :