ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی :خورشید شاہ توہین رسالت کے مرتکب ، عدالت جانے اور کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 22:26

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی :خورشید شاہ توہین رسالت کے مرتکب ، عدالت جانے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر۔2014ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ خورشید شاہ نے مہاجر لفظ کو گالی قرار دے کر توہین رسالت کی ہے،ایم کیو ایم اس پر احتجاج کرتے ہوئے کل یوم سیاہ منائے گی جبکہ علمائے کرام سے فتووں کی کاپی لے کر عدالت میں جمع کروا دی ہے تاکہ خورشید شاہ کے خلاف قانونی کاروائی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ 17 اکتوبر کو خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کو گالی قرار دیا گیا جبکہ قرآن پاک میں مہاجر کی فضیلت کا ذکر 8 مرتبہ آیا ہے۔

جبکہ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ نے بھی ہجرت کی تھی جبکہ صحابی اور بزرگان دین بھی مہاجر تھے۔خورشید شاہ کے اس بیان سے امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے اور خود خورشید شاہ نے یہ بیان دے کر توہین رسالت کی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایم کیو ایم کے ہر دفتر میں احتجاج ریکارڈ کروایا گیا اور اب ہم یوم سیاہ کا اعلان بھی کرتے ہیں ۔یوم سیاہ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے بھی درخواست کی کہ وہ بھی اس کا حصہ بنیں اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کریں تاکہ احتجاج ریکارڈ کروایا جا سکے۔