Live Updates

دھرنوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوا ،عمران خان پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش کرسکتے ہیں ،پرویز رشید ،بھارت اور ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی پر پاکستان سفارتی کوششیں کررہاہے ،وزیر اطلاعات کا انٹرویو

اتوار 26 اکتوبر 2014 21:53

دھرنوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دھرنوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوا ،عمران خان پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش کرسکتے ہیں ،بھارت اور ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی پر پاکستان سفارتی کوششیں کررہاہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جمہوری طریقوں کے بجائے طاقت کے ذریعے ایشوز حل کرنے کے درپے ہیں تاہم حکومت نے مذاکرات کیلئے اپنے دروازے بند نہیں کئے اور اپوزیشن جرگہ بھی اس سلسلے میں اپنی کوششیں کر رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کا یہ فرض ہے کہ کسی بھی رکن کی جانب سے استعفیٰ پیش کئے جانے کی تصدیق کے بعد اس کا استعفیٰ منظور کرے، عمران خان نے اپنی پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کو سپیکر کے چیمبر میں انفرادی طور سے جانے سے روکا ہوا ہے جو اجتماعی طور پر سپیکر سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے کسی بھی رکن کو اپنے استعفیٰ کی وضاحت پیش کئے جانے کا آزادانہ ماحول فراہم کیا جانا چاہئے تاکہ وہ یہ بتا سکے کہ وہ اپنی مرضی سے استعفیٰ دے رہا ہے یا دباؤ کے تحت ایسا کر رہا ہے۔ بھارت اور ایران کی طرف سے سرحدوں پر فائرنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر سفارتی کوششیں کررہا ہے جبکہ پاک فوج بھی لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی افواج کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی مواقع پر تمام پارلیمانی جماعتوں نے عمران خان سے درخواست کی کہ موجودہ حالات میں قومی مفادات کو ترجیح دی جائے تاکہ ملکی معیشت بہتر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کیلئے داخلی استحکام کی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی شمولیت کے ساتھ ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام کی تعریف کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات