احتجاجی دھرنوں کے باعث تین ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 26.6 فیصد تک کمی واقع ہوئی ،سینیٹر محمد اسحاق ڈار

پیر 27 اکتوبر 2014 19:01

احتجاجی دھرنوں کے باعث تین ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 26.6 ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں احتجاجی دھرنوں سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث تین ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 26.6 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ کے نتیجے میں غیر ملکی سرکاری قرضوں میں 210 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ پیر کو وقفہ سوالات کے دوران شیخ صلاح الدین کے سوال کے تحریری جواب میں وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی طرف سے ایوان کو بتایا گیا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے نہ صرف حالیہ اقتصادی ترقی کی رفتار پر اثرات مرتب ہوئے ہیں بلکہ ملک کے وقار کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے جولائی ستمبر 2014 ء کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 26.6 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایف ڈی آئی میں کمی کے بیرونی حسابات پر بالخصوص برآمدات میں کمی کی وجہ سے تجارتی خلاء کو وسیع کرنے کی بابت مزید دباؤ بڑھے گا۔ ایوان کو بتایا گیا کہ جولائی تا ستمبر کے دوران برآمد ات میں 6.273 فیصد کمی آئی جبکہ درآمدات میں 10.598 فیصد اضافہ ہوا وزیر خزانہ کی طرف سے ایوان کو بتایا گیا کہ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ دھرنا ریلی کے 60 یوم کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے درآمدی بل میں اضافی لاگت 16 بلین روپے ہے مہنگائی جو کہ جولائی اگست کے دوران 8 فیصد سے کم تھی دھرنا اور ریلی کی وجہ سے اشیاء کی رسد میں رخنہ اندازی کی بناء پر دباؤ متوقع ہے ۔

ایوان کو بتایا گیا کہ سیاسی بحران کی وجہ سے 8 اگست 2014 ء کو امریکی ڈالر 98.90 روپے تھا جوکہ 15 ستمبر کو 102.90روپے ہو گیا ۔روپے کی قیمت میں کمی کے نتیجے میں غیر ملکی سرکاری قرضہ جات میں 210 ملین روپے کا اضافہ ہو گیا ہے ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ستمبر کے آخر تک 15 بلین ڈالر زرمبادلہ کا ہدف سکوک بانڈ کے آغاز میں تاخیر اور او جی ڈی سی ایل کے حصص واپس لینے کی وجہ سے متاثر ہوا ۔

اس سے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت چوتھے جائزہ کو حتمی شکل دینے اور 550 ملین امریکی ڈالر کی قسط جاری کرنے میں تاخیر ہوئی۔ ایوان کو بتایا گیا کہ حکومت نے دھرنے سے متعلقہ سیکیورٹی اخراجات پورا کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو 357.4 ملین روپے کی بھاری رقم ضمنی گرانٹ کے طور پر جاری کی ہے یہ اضافی اخراجات بجٹ کے خسارہ پر اثر انداز ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :