ملکی سلامتی کیلئے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے ، وزیر دفاع

پیر 27 اکتوبر 2014 19:01

ملکی سلامتی کیلئے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اکتوبر۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کیلئے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے  آپریشن ضرب عضب میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں،آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رہے گی بجلی بچت کے جامع منصوبے بنارہے ہیں،صوبوں کی مشاورت سے رات آٹھ بجے دکانیں بند کرائیں گے  لوگ اقتدار کی خواہش میں معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں عزائم ناکام بنادیں گے۔

اسلام آباد میں دوروزہ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں،آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے، دہشتگر د وں نے انفراسٹرکچرتباہ ہونے کے باعث شہروں کا رخ کرلیا،تاہم مرکزی نیٹ ورک توڑدیا،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،مسلح افواج اندرونی ،بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دیاجائے گا،توانائی کے بحران کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہاکہ بجلی کی بچت کا جامع منصوبہ بنارہے ہیں،صوبوں کی مشاورت سے دکانیں رات آٹھ بجے بند کرائیں گے،سات نومبرکو وزیراعظم چین کا دورہ کررہے ہیں، منصوبوں پرعملدرآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

۔ میڈیا سے با ت چیت کے دور ان خواجہ آصف نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار کی خواہش میں معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں،ان کے عزائم ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والوں میں سے کچھ سے نمٹ لیا ہے،باقی سے بھی نمٹ لیں گے۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ وزیر اعظم نوا شریف 7نومبرکو چین کے دورے پر روانہ ہوں گے جس کے دوران چین کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جائے گی۔

خواجہ آصف نے کہاکہ چاہتے ہیں کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری ہو ۔ پن بجلی ، کوئلے اور تھر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ، سرمایہ کاروں کو بجلی کی زیادہ پیدوار اور قیمت میں کمی کی ضمانت دینا ہوگی۔ ورکنگ باوٴنڈری اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے متعلق وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے اشتعال دلایا تو بھرپور جواب دیں گے، ملکی سلامتی کیلئے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسلح افواج خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج مغربی اور مشرقی سرحدوں پر لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، مغربی سرحدوں پر دشمن ہماری توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :