کراچی میں عاشورہ پر سینٹرل جیل میں دہشت گردی کا خطرہ،ذرائع

بدھ 29 اکتوبر 2014 16:04

کراچی میں عاشورہ پر سینٹرل جیل میں دہشت گردی کا خطرہ،ذرائع

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 اکتوبر۔2014ء) کراچی میں عاشورہ پر سینٹرل جیل میں دہشت گردی کا خطرہ ہے، دہشت گرد اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے منصوبے پر عمل کر سکتے ہیں ۔ سیکورٹی خدشات کے باعث سینٹرل جیل میں سیکورٹی سخت کر دی گئی۔ ائیر پورٹ پر حملے میں ملوث گرفتار دہشت گردوں نے سینٹرل جیل پر حملے کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں جس کے بعد سیکورٹی مزید سخت کئے جانے کے علاوہ جیل کی دیواریں مزید بلند کرنے ، دیوار کے اندر اور باہر زیر زمین کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ بیرکوں کو بھی مزید محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

جیل میں بیک وقت 500اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں ، اہلکاروں کو جدید آلات فراہم کر دئے گئے ہیں ۔ سینٹرل جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل پر حملے کے خطرات اب بھی موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

حساس اداروں نے محرم الحرام کی 7,8اور 9کو جیل پر حملے اور قیدیوں کو چھڑائے جانے کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد مرکزی دروازے پر بارود سے بھری گاڑی سے حملہ کرینگے جبکہ ان کے ساتھی حملہ کرینگے اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ چار خودکش بمباروں کو بھی تیار کیا جا چکا ہے۔

سینٹرل جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی کے مکان سے جیل تک سرنگ بر آمد ہونے کے بعد جیل کی سیکورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے مزید اقدامات کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے،جن پر تیزی کے ساتھ عمل در آمد کیا جا رہا ہے۔ جیل سے قیدیوں کو رہا کرائے جانے کی سازش پکڑی جانے کے بعد مستقبل میں ایسی سازش سے جیل کو محفوظ بنانے کیلئے جیل کی بیرونی دیوار کے قریب اور بیرکون کے قریب زیر زمین بھی کنکریٹ کی گہری دیوار تعمیر کی جا رہی ہے۔

جیل میں مزید واچ ٹاورز کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس وقت جیل کی سیکورٹی پر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے مجموعی طور پر 1000اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ جن میں سے 500رات اور 500دن کی شفٹ میں ڈیوٹی دیتے ہیں ۔ تاکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :