سمندری طوفان نیلوفر کی انتہائی شدت برقرار

بدھ 29 اکتوبر 2014 22:08

سمندری طوفان نیلوفر کی انتہائی شدت برقرار

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2014ء) سمندری طوفان نیلوفر کی انتہائی شدت برقرار ہے اور وہ سندھ اور بھارتی گجرات کی طرف پیش قدمی کررہا ہے، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور بدین میں کل اور جمعہ کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

طوفان اٹھ رہا ہے سمندر کی تہہ میں ہلچل ہے ، موجوں کی روانی تیز ہورہی ہے ، بھارت کے ساحلوں کی طرف رواں دواں طوفان نیلوفر پاکستان کی ساحلی پٹی کو بھی اپنی زد میں لے گا ،حجم کم ہونے کے باعث نیلوفر تیزی سے ساحلوں کے قریب بڑھ رہا ہے اور اس کی شدت اپنی انتہا پر ہے ،نیلوفر کراچی سے 800 جبکہ گوادر سے 680 کلومیٹر دور ہے ، اگلے چوبیس گھنٹوں میں یہ طوفان 14 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کرے گا اور جمعرات کو سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرے گا ۔

نیلوفر کے باعث کراچی ،زیریں سندھ اور بلوچستان میں طوفانی ہوائیں چلیں گی ،بجلی چمکے گی اور بادل گرج گرج کےبرسیں گے ،بپھرے سمندر کے غضب سے بچنے کے لیے سندھ اور بلوچستان کے ساحلوں پر ہائی الرٹ ہے کیونکہ اگلے چوبیس گھنٹے خطرناک ہیں لیکن یہ ہی چوبیس گھنٹے بھارت کے لیے انتہائی خطرناک ہیں کیونکہ نیلوفر بھارتی ریاست گجرات کے ساحلوں سے ٹکرائے گا ، جس کے قہر سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :