وزیر اعظم کی صوبائی حکومتوں کو تعلیمی نصاب میں تبدیلی لانے کی ہدایت

جمعرات 30 اکتوبر 2014 22:38

وزیر اعظم کی صوبائی حکومتوں کو تعلیمی نصاب میں تبدیلی لانے کی ہدایت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو صوبائی حکومتوں کی مناسب مشاورت اور منظوری کے بعد تمام پرائمری، مڈل اور سکینڈری سکولوں اورکالجوں و یونیورسٹیوں کے پاکستان سٹڈیز، انگریزی اور اردو کے لازمی مضامین کے نصاب میں ترامیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون کی حکمرانی،آئین کی بالادستی اورپاکستان کے تشخص کو اجاگرکرنے کیلئے باب شامل کئے جائیں۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان ترامیم میں پاکستان کی ترقی اور شناخت کیلئے آئینی جمہوریت کی ناگزیر ضرورت کے ادراک کو فروغ دینے، آئینی جمہوری عمل کے فوائد اور بین الاقوامی و قومی تناظر میں تکثیریت کی سوجھ بوجھ، آئینی جمہوریت کے بارے میں عام غلط فہمیوں کے جامع انداز میں تدارک کیلئے طالب علموں کی علمی بنیاد کو تقویت دینے اور عدالتی نگرانی، میڈیا، اظہار رائے کی آزادی، اطلاعات تک رسائی کے حق، انتخابات وغیرہ جیسے آئینی عمل کے اندر احتساب کے طریقوں کی ناقدانہ سوچ کو فروغ دینے کے مقصد کے حامل ابواب شامل ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ان مقاصد کے حصول کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ماہرین تعلیم، یونیورسٹیوں اور درسی کتب پبلیشر کے ساتھ رابطہ کرنے اور ذمہ داری کی انجام دہی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ابتدائی سالوں سے لیکر یونیورسٹی کی سطح تک سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کیلئے مباحثے اور آئندہ تدریسی سال سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے منظوری کیلئے دو ماہ کے اندر حکایات، کہانیوں، مضامین، تقاریر، تدریسی گائیڈز، ٹیچر ٹریننگ مواد، سرگرمیوں، غیر نصابی سرگرمیوں، امتحانات اور دیگر متعلقہ مواد سمیت گریڈ کے مطابق مواد تیار کیا جا سکے۔