امریکی کمپیوٹر کمپنی ایپل کے سربراہ ٹم کک ہم جنس پرست نکلے

جمعہ 31 اکتوبر 2014 14:25

امریکی کمپیوٹر کمپنی ایپل کے سربراہ ٹم کک ہم جنس پرست نکلے

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء)امریکی کمپیوٹر کمپنی ایپل کے سربراہ ٹِم کْک نے ہم جنس پرست ہونے کا اقرار کیا ہے۔ وہ اپنے اس جنسی رجحان کا کھلے عام اظہار کرنے والے پہلے معروف امریکی کاروباری رہنما ہیں۔ٹِم کْک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی نجی زندگی سے پردہ اس اْمید پر اٹھایا ہے کہ اس سے شہری آزادیوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ترپن سالہ کْک کا تعلق الباما سے ہے اور وہ خود کو ’جنوب کا بیٹا‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ اس سے پہلے ہم جنس پرست مردوں اور خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی رویوں کے خلاف بات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ہم جنس پرست ہونے کا انکشاف ایک میگزین کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں کیا ،کْک نے اس مضمون میں لکھا ہے: ”مجھے ہم جنس پرست ہونے پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

میں اسے خدا کی جانب سے دیے گئے عظیم ترین تحفوں میں سے ایک خیال کرتا ہوں۔

انہوں نے اس مضمون میں شہری آزادیوں کے لیے کام کرنے والی معروف شخصیتوں رابرٹ ایف کینیڈی اور مارٹن لوْتھر کِنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے: ”میں یہ ظاہر نہیں کر رہا کہ ایسا لکھنے سے میں ان کے ساتھ شامل ہو جاوٴں گا۔ اس کا تو محض یہ مقصد ہے کہ مجھے ان حالات پر نظر ڈالنے اور یہ جاننے کا موقع ملے گا کہ میں دوسروں کی مدد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں، اگرچہ چھوٹا ہی سہی۔

ہم مل جل کر انصاف کی جانب روشنی کی راہ ہموار کرتے ہیں، ایک ایک اینٹ لگاتے ہوئے اور یہ میری اینٹ ہے۔“سیلیکون ویلی کی ٹیکنالوجی کمیونٹی کے لیے ان کا یہ انکشاف کوئی نئی بات نہیں ہے تاہم اس پر کبھی زیادہ بات نہیں کی گئی تھی۔ دوسری جانب ان کا یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا میں ہم جنسوں کے درمیان شادیاں فروغ پا رہی ہیں۔ اس کے باوجود امریکا اس موضوع پر منقسم ہے۔اس نوعیت کی شادیوں کو امریکا کی بتیس ریاستوں میں قانونی طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے نتائج بھی یہی ظاہر کرتے ہیں بیشتر لوگ ایسی شادیوں کے حامی ہیں۔ نوجوان امریکی اس جنسی رجحان کے زیادہ حامی ہیں۔