یونس خان نے آسٹریلیا کیخلاف ڈبل سینچری مکمل کرلی

جمعہ 31 اکتوبر 2014 16:54

یونس خان نے آسٹریلیا کیخلاف ڈبل سینچری مکمل کرلی

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر 2014ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے دن مڈل آرڈر بلے باز یونس خان نے آسٹریلیا کیخلاف اپنی ڈبل سینچری مکمل کرکے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ یونس خان نے اپنے کیریئر کی چوتھی ڈبل سینچری سکور کی ہے۔ پاکستان کے سابق بلے باز جاوید میانداد کو 6 ڈبل سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

دوسری جانب وکٹ پر ان کا ساتھ دینے والے کپتان مصباح الحق نے بھی اپنی سینچری مکمل کرلی ہے۔ آج دوسرے دن کے کھیل کی شروعات میں اظہر علی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد یونس خان اور مصباح الحق نے سکور 500 سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ اظہر علی 109 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

یونس اور اظہر کے درمیان 236 رنز کی عمدہ شراکت ہوئی۔

گزشتہ روز یونس خان نے آسٹریلیا کیخلاف اپنی مسلسل تیسری سینچری سکور کی تھی۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنانے والے پاکستان کے چوتھے بیٹسمین ہیں۔ ان سے قبل ظہیر عباس، مدثر نذر اور محمد یوسف نے ٹیسٹ کرکٹ میں لگاتار تین اننگز میں سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ یونس خان 90 سال کے عرصے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تین سنچریاں سکور کرنے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ان سے قبل انگلینڈ کے ہربرٹ سٹکلف نے 1924ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔