بھارت پاکستان دشمنی کھیل کے میدان میں بھی لے آیا، ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے لاہور لائنز کے 7اہم کھلاڑیوں کو ویزے نہ دیئے

جمعہ 31 اکتوبر 2014 19:45

بھارت پاکستان دشمنی کھیل کے میدان میں بھی لے آیا، ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) بھارت کی پاکستان سے روایتی دشمنی اور ہٹ دھرمی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مگر بھارت پاکستان دشمنی میں اس حد تک گرگیا ہے کہ اس نے کھیل کے میدان کو بھی نہیں بخشا، بھارت نے ورلڈ کبڈی لیگ کے بھوپال میں ہونیوالے مقابلوں کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز کے اہم ترین7 کھلاڑیوں کو ویزے نہیں دیئے جس کا مقصد یہ ہے کہ لاہور لائنز جو کہ ورلڈ کبڈی لیگ میں فیورٹ ٹیم بن چکی ہے اس کو ناکام بنانا ہے۔

ویزے نہ ملنے کی وجہ سے لاہور لائنز بھارت روانہ نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی پاکستان دشمنی کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر عیاں ہو گیا ہے، بھارت میں ورلڈ کبڈی لیگ کے مقابلے جاری ہیں جس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز بھی شرکت کررہی ہے، لندن اور بھارت میں ہونیوالے ابتدائی مقابلوں میں لاہور لائنز کی ٹیم ناقابل شکست رہی، بھارت میں ہونیوالے میچوں میں بھی لاہورلائنز نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں پاکستان کی کامیابی بھارت کو پسند نہیں آئی،جس کے بعد بھارت اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آیااوراس کے لاہور لائنز کو ناکام بنانے کیلئے ویزے نہ دینے کا ہتھکنڈہ استعمال کرنا شروع کردیا، لاہور لائنز نے یکم اور دو نومبر کو بھارت کے شہر بھوپال میں کیلیفورنیا ایگلز اور خالصہ واریئرز کیخلاف میچ کھیلنا تھے۔

(جاری ہے)

لاہور لائنز کے اہم ترین کھلاڑیوں کپتان بابر وسیم گجر، لالہ عبیداللہ، محمد رمضان جانی، محمد عرفان مانا، وقاص رحیم گجر، زبیر عاصم اور لالہ سیف اللہ کو ویزے ہی جاری نہیں کئے، ان کھلاڑیوں نے لاہور لائنز کو لیگ کے ابتدائی مرحلے میں ناقابل شکست بنا دیا تھا جو بھارت کو پسند نہیں آیا اور اس نے انتہائی گھٹیا اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیئے اور ان کھلاڑیوں کو بھوپال میں ہونیوالے میچوں کے ویزے ہی جاری نہیں کئے تاکہ لاہورلائنز کی کمزور ٹیم بھارت جاکر کھیلے اور کامیابی کی صورت میں پاکستان زندہ باد کے نعرے نہ لگا سکے جبکہ چند روز قبل لاہور لائنز کے ٹیم مینجر نے جب ویزوں کے سلسلہ میں رابطہ کیا تو انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ویزے لگ جائیں گے مگر بھارت اپنی دشمنی سے باز نہ آیا۔

لاہور لائنز کے اہم ترین کھلاڑیوں کو ویزے نہ ملنے پر ٹیم بھارت روانہ نہ ہوسکی جس کا فائدہ لیگ میں بھارتی کھلاڑیوں کو ہوگا۔ قبل ازیں بھی بھارت نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی پوری ٹیم کو ویزے نہیں دیئے اور وہ لاہور لائنز کو ذہنی کوفت دیتا رہا،اس کے علاوہ جن شہروں کے ویز ے مانگے جاتے تھے وہ جاری نہیں کئے جاتے تھے۔