بھارت،اعلیٰ افسران کی فرسٹ کلاس سفر پر پابندی

جمعہ 31 اکتوبر 2014 21:57

بھارت،اعلیٰ افسران کی فرسٹ کلاس سفر پر پابندی

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء ) بھارت میں حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے افسر شاہی کے درج? اول کے فضائی سفر، فائیو سٹار ہوٹلوں میں قیام اور گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومتی اقدامات کا مقصد رواں سال کے مالی بجٹ کے خسارے کو چار اعشاریہ ایک پر لانا ہے۔بھارت میں گذشتہ کئی سالوں سے معاشی ترقی کی شرح سست روی کا شکار ہے اور رواں مالی سال کے لیے ترقی کی شرح کا ہدف 4.7 رکھا گیا ہے۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے حالیہ انتخابات میں اقتصادی ترقی کے نعرے پر کامیابی حاصل کی تھی۔کانگریس کی سربراہی میں قائم گذشتہ حکومت نے سال 2012 اور 2013 کے مالی سال میں اسی نوعیت کے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے وزارتِ خزانہ کے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت کے حالیہ بچت اقدامات کا مقصد حکومت کی آپریشنل صلاحیتوں کو قائم رکھتے ہوئے مالی توازن لانا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر اخراجات کا درست استعمال اور موجودہ وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانا ہے۔افسران کو ہر ممکن طور پر فرسٹ کلاس فضائی سفر کرنے سے روکا گیا ہے حکومت کے بچت کے حوالے سے مزید اقدامات میں سرکاری نوکریوں پر پابندی اور کاروں کی خریداری پر تقریباً مکمل پابندی ہو گی۔اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ جہاں ممکن ہو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگز کی جائیں۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق اگرچہ افسران کو سینیارٹی کی بنیاد پر مختلف درجوں کے فضائی سفر کی سہولت حاصل ہے تاہم ہر صورت میں محدود بجٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے اکانومی کلاس کو ترجیح دی جائے جبکہ فرسٹ کلاس میں کوئی بکنگ نہیں کرائی جائے گی۔حکومت کے حالیہ اقدامات میں آئندہ مالی سال میں بجٹ خسارے کو 3.6 فی صد پر لانا ہے جبکہ سال 2016 اور 2017 کے مالی بجٹ میں اس خسارے کو تین فی صد کی سطح پر لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :