دہشت گردی میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں ، مفتی محمد نعیم

پیر 3 نومبر 2014 23:03

دہشت گردی میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں ، مفتی محمد نعیم

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 نومبر 2014ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے واہگہ بارڈر پرالمناک دھماکے اورقیمتی جانوں کے ضیاع پرانتہائی افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک وقوم تباہی کا شکار اور دہشت گرد اپنی مذموم کاروائیوں میں کامیاب ہورہے ہیں ، قوم کو فرقہ وراریت لسانیت ، اور کبھی طالبان کے نام پر خوفزدہ کیاجاتاہے حالانکہ دہشت گردی کے مذموم واقعات میں غیرملکی ایجنسیاں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، حکمران اگر مغرب کی کاسہ لیسی ، خوشنودی اور غیروں کی جنگ سے نکلنے کا اعلان کردے تو آج ہی دہشت گردی ختم ہوجائیگی ملک میں ایک طرف دہشت گردی کا نہ روکنے والا سلسلہ ہے تودوسری طرف ہم نے دین کو پس پشت ڈال دیا ہے، قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل سے دوری باعث پاکستانی قوم طرح طرح کے قدرتی آفات کا شکارہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ سانحہ واہگہ بارڈرکے مذموم واقعہ میں غیرملکی ہاتھ نظراندازنہیں کیاجاسکتاہے ،کراچی سے خیبراور گلگت سے لیکر چمن تک پورے ملک میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں تو کبھی قدرتی آفات قوم کا امتحان لیتی رہتی ہیں یہ سب برے اعمال اور گناہوں کا نتیجہ ہے، قران وسنت کی تعلیمات سے دوری کے باعث قوم وقتا فوقتا طرح طرح کے مسائل کا شکارہوتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ واہگہ بارڈر جیسے حساس مقام پر دہشت گردی کی مذموم کاروائی پوری قوم کیلئے کسی بڑے المیے سے کم نہیں ہے، اس قبل بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ ودیگراعلیٰ حکام مسلسل کہہ رہے ہیں کہ غیرملکی ایجنسیوں کے ایجنٹ ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں جبکہ ملکی سلامتی پر مامور اداروں ،ریاستی وعوامی املاک بشمول مساجد ومدارس اور سیکورٹی فورسزپر حملوں میں پاکستان کے اذلی دشمنوں کے ایجنٹ ملوث ہونے کے ثبوت بھی موجود ہیں تو پھر قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ حکمران خاموش کیوں ہیں؟ عالمی سطح پر ان مسائل کو اٹھایا کیوں نہیں جاتاَ؟ ۔

مفتی محمد نعیم نے کہاکہ دہشت گردی کے المناک سانحات کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے بے گناہوں کا قتل عام ہورہاہے اور حکمران طفل تسلیوں کے علاوہ کچھ کرتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں ،خدا کیلئے حکمران غیروں کی کاسہ لیسی کو چھوڑ کر قوم کے مفاد پر اکھٹے ہوجائیں مذموم کاروائیوں سے صاف ظاہر ہے کہ عالمی دشمن قوتیں یکجاں ہوکر وطن عزیز میں دہشت گردی کی کاروائیاں کررہی ہیں انہوں نے کہاکہ وہ دور گذرچکا ہے کہ جب کسی بھی واقعے کو فرقہ واریت یا لسانیت کانام دیکر دبادیاجاتاتھا ، اب عوام سمجھ چکی ہے کہ یہ سب سیاستدانوں کے حیلے بہانے ہوتے ہیں ہم دعوے سے کہ سکتے ہیں حکمران اگر مغرب کی کاسہ لیسی اور خوشنودی اور غیروں کی جنگ سے نکلنے کا اعلان کردے تو آج ہی ملک میں دہشت گردی ختم ہوجائے گی۔