Live Updates

رحیم یار خان: تحریک انصاف کو کالج گرائونڈ میں جلسہ کی اجازت نہ ملی

جمعرات 6 نومبر 2014 17:58

رحیم یار خان: تحریک انصاف کو کالج گرائونڈ میں جلسہ کی اجازت نہ ملی

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے 9 نومبر کو رحیم یار خان میں گورنمنٹ خواجہ فرید کالج کے گرائونڈ میں جلسہ کی اجازت مانگی گئی تھی مگر ڈی سی او رحیم یار خان نبیل جاوید کی جانب سے درخواست میں جگہ اور انتظامات کے حوالے سے اعتراضات لگا کر اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او کے لیٹر کے مطابق جلسہ گاہ آبادی میں ہونے، ہسپتال، ایمرجنسی اور ڈسٹرکٹ جیل کے قریب ہونے پر رسک ظاہر کیا گیا۔

سانحہ واہگہ بارڈر کے بعد ملکی صورتحال پر جلسہ کو سیکورٹی اداروں نے ہائی رسک قرار دیا ہے۔ اجازت نامہ نے ملنے پر تحریک انصاف کی ضلعی قیادت اور کارکن جلسہ گاہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ پولیس کی نفری پہنچنے پر کارکنوں نے پولیس کی گاڑی کو گھیر لیا اور خوب نعرہ بازی کرتے ہوئے گاڑی پر خوب تھپڑ برسائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ جلسہ گاہ میں ہی تحریک انصاف کے ضلعی صدر رانا راحیل احمد نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا 9 نومبر کو ہر صورت جلسہ اسی گرائونڈ میں ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ اسی گرائونڈ میں یوسف رضا گیلانی بطور وزیراعظم اپنا سیاسی جلسہ کر چکے ہیں۔ تمام اعتراضات کے باوجود تحریک انصاف پُرامن جلسہ کا انعقاد ضرور کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات