آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں حقانی نیٹ ورک کمزور ہوگیا ہے، امریکہ

جمعرات 6 نومبر 2014 18:13

آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں حقانی نیٹ ورک کمزور ہوگیا ہے، امریکہ

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) افغانستان میں تعینات اتحادی فورسز کے ایک سینیئر امریکی کمانڈرنے کہاہے کہ پاکستان کی جانب سے شمالی وزیرستان میں کیے جانے والے آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں حقانی نیٹ ورک کی افغانستان کی حدود میں حملے کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ایک انٹرویومیں لیفٹیننٹ جنرل جوزف اینڈرسن کا کہنا تھا کہ طالبان کی طرح حقانی نیٹ ورک میں بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کوموثر ٹہراتے ہوئے امریکی کمانڈر کا کہنا تھاکہ وہ طالبان کی طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور ایسا رواں سال پاکستان کی جانب سے شروع کیے فوجی آپریشن کے باعث ہوا ہے۔اینڈرسن نے مزید کہا کہ اس طرح افغانستان میں حقانی نیٹ ورک کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کمانڈر کا یہ بیان حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سامنے آیا، جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے نتیجے میں اب حقانی نیٹ ورک کی کارروائیوں میں کتنا اثر باقی رہ گیا ہے۔

امریکی جنرل نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف افغان سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کا بھی تذکرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نیٹ ورک افغانستان میں اہم شخصیات پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔اینڈرسن نے انکشاف کیا کہ رواں سال 4,634 افغان پولیس اور فوجی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 4,350 تھی۔