وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز کے مراکز میں قبضہ مافیا کے ڈیرے

ہفتہ 8 نومبر 2014 18:47

وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز کے مراکز میں قبضہ مافیا کے ڈیرے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز کے مراکز میں قبضہ مافیا کے ڈیرے ، آبپارہ ، کراچی کمپنی ، جی ایٹ مرکز کو قبضہ مافیا سے آزاد کرنے میں سی ڈی اے مکمل طور پر ناکام ، شہریوں کا فٹ پاتھ پر چلنا ماحل ، شدید دشواری کا سامنا ، شہریوں نے وزارت داخلہ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق عرصہ دراز سے وفاقی دارالحکومت کے آبپارہ مارکیٹ کے فٹ پاتھ اور سڑک کے کنارے دکانداروں اور ریسٹورنٹ مالکان نے کرسی لگا کرقبضہ کررکھا ہے جبکہ کراچی کمپنی اور جی ایٹ مرکز میں بھی بارگین مالکان نے قبضہ کررکھا ہے جس کی وجہ سے رہائشیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

آن لائن کے سروے کے دوران مختلف شہریوں آبپارہ سے گلزار ، راشد ، احمد نواز ، رستم ، غلام قادر ، اشفاق ، عامر اقبال ، زکریا چوہدری ، کراچی کمپنی سے اختر صدیقی ، اکبر خان ، عابد شاہ ، عامر عباسی ، بدر ، جی ایٹ مرکز سے صنوبر ، طاہر خان ، مبین الحق ، رشوان ملک نے بتایا کہ قبضہ مافیا نے ان مارکیٹوں میں اپنے پنجے عرصہ دراز سے جما رکھے ہیں اور سی ڈی اے انتظامیہ بھی ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

قبضہ مافیا نے ان مارکیٹ میں فٹ پاتھوں کے ساتھ ساتھ سڑک کے کناروں پر بھی قبضہ کررکھا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے انہوں نے وزارت داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے انتظامیہ ان قبضہ مافیا کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے ان جگہوں کو خالی کرنے میں بھی ناکام ہیں اور اہم نوعیت کے معاملے پر وزیر داخلہ ازخود نوٹس لیکران مارکیٹوں میں کریک ڈاؤن آپریشن کریں