Live Updates

پی ٹی آئی مذاکرات کے لئے آمادہ ہو گئی ہے ، وفاقی حکومت کو جلد از جلد اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کر دینا چاہیے،سرا ج الحق

ہفتہ 8 نومبر 2014 20:11

پی ٹی آئی مذاکرات کے لئے آمادہ ہو گئی ہے ، وفاقی حکومت کو جلد از جلد ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) امیرجماعت اسلامی پاکستا ن سراج الحق نے کہا ہے کہ 21نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں لاکھوں لوگوں کو جمع کرکے پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی ، فلاحی اور جمہوری مملکت بنانے کے عوامی ایجنڈے کا اعلان کرونگا ۔ اجتماع عام میں غیر مسلموں کے لئے علیحدہ پنڈال ہوگا جبکہ کمیونسٹوں اور سوشلسٹوں کو بھی اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دینگے اور انہیں اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرینگے ۔

لاہور میں کھلے عام پاکستانیوں کو قتل کرنے والے ریمنڈیوس کیلئے تو پاکستان کے قوانین نرم پڑ گئے لیکن ناکردہ گناہ کی پاداش میں امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لئے امریکی قوانین میں کوئی نرمی دیکھائی نہیں دیتی ۔سیاسی جرگے کی کوششوں سے ملک میں مارشل لاء کا خطرہ ختم ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی مذاکرات کے لئے آمادہ ہو گئی ہے ۔ وفاقی حکومت کو جلد از جلد اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کر دینا چاہیے۔

صوبائی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تعلیمی نصاب سے جو اسلامی اسباق نکالے گئے ہیں انہیں دوبارہ نصاب کا حصہ بنا دیا جائے گا جبکہ ناپسندیدہ مضامین جو گزشتہ دور حکومت میں نصاب میں شامل کیے گئے ہیں انہیں تعلیمی نصاب سے خارج کر دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سیاسی میدان میں اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔ پی ٹی آئی سے جماعت اسلامی کا اتحاد خیبر پختونخوا میں حکومتی سطح تک محدود ہے۔

پاکستان کو عراق یا شام بنانے کی سازشیں ہو رہی ہیں لیکن انشاء اللہ تعالی جماعت اسلامی پوری قوم کو متحد کرکے ایسی سازشوں کو ناکام بنا دیگی ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے چکدرہ دیر پائین میں جماعت اسلامی ملاکنڈ ڈویژن کے زیر اہتمام منعقدہ ڈونر کانفرنس اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمدا براہیم خان، قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈوکیٹ، ملاکنڈ ڈویژن کے ضلعی اُمراء اعزاز الملک افکاری، فضل سبحان، مولانا جمال الدین،مولانا فصیح اللہ بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ در اصل ملک اس وقت سرمایہ داروں ، جاگیر داروں اور وڈیروں کے ظالمانہ گرفت میں ہے۔ کروڑوں غریب عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک بھر کے مظلوم اور مجبور عوام کو منظم کرکے موجودہ استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے 21نومبر سے ایک بڑی جدوجہد کا آغاز کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے جھنڈے کو ہمیشہ غریبوں اور مظلوموں نے بلند کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہی زندگی کے تمام مسائل کا حل پیش کرتا ہے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمدا براہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی خدا کی زمین پر خدا کے نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کی تعلیمات ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع عام میں خیبر پختونخوا سے بہت بڑی تعداد میں عوام شرکت کرینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات