مسلم لیگ ن کے شیر کی انتخابی مہم میں نمائش کیخلاف درخواست

ہفتہ 8 نومبر 2014 20:25

مسلم لیگ ن کے شیر کی انتخابی مہم میں نمائش کیخلاف درخواست

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) مسلم لیگ نواز کے شیر کی انتخابی مہم میں نمائش کیخلاف درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے تشکیل کردہ وائلڈ لائف کمیشن نے مستقبل میں انتخابی مہم میں جنگلی جانوروں کی نمائش پر پابندی کی سفارش کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماجی رہنما فریال گوہر کی طرف سے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم میں شیر کی نمائش کیخلاف اور جنگلی جانوروں کے تحفظ کیلئے درخواست میں وائلڈ لائف کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، وائلڈ لائف کمیشن کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ مختار احمد کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کسی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم جنگلی جانوروں کی نمائش کی اجازت نہ دے ، محکمہ وائلڈ لائف پنجاب، کسٹمز حکام، درخواست گزار فریال گوہر، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین، وقاص میر ایڈووکیٹ ، علی حسین گیلانی ایڈووکیٹ نے تئیس صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کر کے ہائیکورٹ میں جمع کرائی ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وائلڈ لائف بریڈنگ فارم رولز کے مطابق ہر فارم کی ایک ماہ میں تین مرتبہ انسپکشن ہونی چاہیے مگر محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کے پاس کسی بھی فارم کی ایک ماہ میں تین مرتبہ انسپکشن کیلئے سٹاف ہی نہیں ہے اور نہ ہی جنگلی جانوروں کے پرائیویٹ بریڈنگ فارمز کاریکارڈ رکھنے کا کوئی بندوبست ہے، کمیشن نے اپنی رپورٹ میں چیتوں اور دیگر جنگلی جانوروں کی افزائش اور انہیں پالنے سے متعلق وفاقی اور صوبائی قوانین میں ترامیم کی سفارش کی ہے، کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ لاہور میں جاوید مظہر بٹ فارم ہاؤس پر دو گولڈن اور دو وائٹ ٹائیگر، زین فارم ہاؤس پر ایک ببر شیر، رائل فارم ہاؤس پر دو گولڈن ٹائیگر، ایک وائٹ ٹائیگر، ایک شیر اور دو پوما نسل کے شیر،بحریہ ٹاؤن فارم ہاؤس پر دوببر شیراور پوما نسل کے دو شیر موجود ہیں، رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں سٹی فارم ہاؤس پر دو ببر شیر اور دو چیتے، امجد اقبال چیمہ فارم ہاؤس پر تین گولڈن ٹائیگر اور ایک ببر شیر، راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن فارم ہاؤس پر دو ببر شیر، دو سفید شیر، ایک بنگالی ٹائیگر، دو سفید ٹائیگر، دو پوما نسل کے شیر، دو جیگ ور، ایک چیتا اور ایک کالا پینتھر موجود ہے جبکہ ملتان میں فضل فارم ہاؤس پر افریقن شیروں کی تعداد دو ہے۔

متعلقہ عنوان :