وزیراعظم میاں محمد نوازشریف دو روزہ دورے پر جرمنی روانہ

پیر 10 نومبر 2014 11:05

وزیراعظم میاں محمد نوازشریف دو روزہ دورے پر جرمنی روانہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی روانہ ہوگئے، وزیراعظم دورے کے دوران جرمن قیادت سے دو طرفہ اہم، ملاقاتیں کریں گے۔ ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے وفاقی حکومت نے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے، سرمایہ کاری کرکے برلن پاکستان کا بہترین شراکت دار بن سکتا ہے، جس کے تحت وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی روانہ ہوگئے ہیں، وزیراعظم برلن میں پاکستان جرمنی بزنس فورم سےخطاب کریں گے، جب کہ وزیراعظم جرمنی کی پارلیمنٹ کا بھی دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت جرمن چانسلر انجیلا مرکیل نے دی تھی، وہ اپنے دورے میں جرمن چانسلر اور دیگر شخصیات سے ملاقات کریں گے، اس سے قبل اسلام آباد میں جرمن ٹی وی سے گفت گو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان شدت پسندی میں ملوث ہر تنظیم کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم نے جرمنی کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ میاں صاحب کا کہنا تھا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے، افغان صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔