بھارت‘ طبی کیمپ میں آپریشن کے بعد 8خواتین کی موت، کئی خواتین کی حالت تشویشناک،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ،علاقے میں کشیدگی کا ماحول

منگل 11 نومبر 2014 12:55

بھارت‘ طبی کیمپ میں آپریشن کے بعد 8خواتین کی موت، کئی خواتین کی حالت ..

چھتیس گڑھ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11نومبر 2014ء)بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے بلاسپور ضلع میں ایک سرکاری طبی کیمپ میں آپریشن کے بعد آٹھ خواتین کی موت کے بعد کشیدگی کا ماحول ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس طبی کیمپ میں آنے والی کئی خواتین کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ڈاکٹروں نے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے سے انکار نہیں کیا ہے۔

بلاسپور کے پینڈاری گاوٴں میں مرکزی خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام کے تحت ہفتے کو نس بندی کے لیے کیمپ لگایا گیا تھا۔گاوٴں والوں کا الزام ہے کہ سرکاری ہدف پورا کرنے کی جلد بازی میں صرف چھ گھنٹے کے دوران ہی ضلع ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر 83 خواتین کی نس بندی کر دی۔مرنے والی ایک خاتون جانی بائی کے شوہر کا کہنا تھا کہ نس بندی سے پہلے دوا کھاتے ہی کئی خواتین کو قے ہونے لگی تھی لیکن ڈاکٹر نے ان کی طرف توجہ نہیں دی اور عورتوں کی حالت بگڑتی چلی گئی۔

(جاری ہے)

بلاسپور ضلع کے طبی اہلکار ڈاکٹر آر کے بھانگے کا کہنا ہے کہ خواتین کی موت کیسے ہوئی، یہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی واضح ہو پائے گا۔ڈاکٹر بھانگے کے مطابق: ’اس حادثے میں ابھی تک چار خواتین کی موت ہوئی ہے، جبکہ 35 خواتین کو ضلع ہسپتال، چھتیس گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ کی حالت تشویشناک حد تک نازک ہے۔

مقامی صحافی آلوک کمار پتل نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے پر برانگیختہ و مشتعل مقامی شہریوں اور حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے لوگوں نے گزشتہ رات ریاست کے وزیرِ صحت امر اگروال کی رہائش گاہ کا بلاسپور میں محاصرہ کرلیا۔اس کے بعد کانگریس کارکنوں اور پولیس کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔ کانگریس نے اس پورے معاملے پر بلاسپور بند کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ریاست کے وزیر اعلی رمن سنگھ نے معاملے کی جانچ کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ریاست کے وزیر صحت امر اگروال نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم نے اس پورے معاملے کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی ہے۔ اس میں جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف ہم سخت کارروائی کریں گے۔ فی الحال ہماری پوری توجہ بیمار خواتین کو علاج فراہم کرنے کی جانب ہے۔