پاکستان میں عام انتخابات 2013ء پرامن طریقے سے منعقد ہوئے،جاپانی قونصل جنرل

منگل 11 نومبر 2014 17:15

خیرپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11نومبر 2014ء) کراچی میں تعینات جاپان کے قونصل جنرل اکیرہ اوچی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات 2013ء پرامن طریقے سے منعقد ہوئے اور حکومت کے انتقال اقتدار کا مرحلہ جمہوری طریقہ سے روبہ عمل میں آیا، جاپان نے پاکستان کے عام انتخابات 2013ء میں اپنا مشن بھیجا تھا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے دورے کے دوران شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے طلبہ و طالبات کو جاپان کی سفارت کاری اور اس کے بین الاقوامی اعانت کے موضوع پر ایک تفصیلی لیکچر کے دوران کیا۔

قونصل جنرل اکیرہ اوچی نے کہا کہ جاپان ہمیشہ جمہوری قوتوں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ لیکچر دیتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل نے پاکستان اور جاپان کے باہمی روابط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات ہمیشہ سے ہی برادرانہ رہے ہیں، پاکستان اور جاپان نے اپریل 1952ء میں اپنے سفارتی تعلقات کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاپان کی موجودہ پالیسی بین الاقوامی امن پر مربوط ہے، جاپان دوسری جنگ عظیم کے بعد امن سے محبت کرنے والا ملک رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہی وجوہات کی بنا پر جاپان عالمی برادری میں امن پسند ملک کے طور پر جانا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے جاپان کی خدمات قابل ذکر ہیں۔ 1954ء سے اب تک جاپان نے آفیشل ڈیولپمنٹ اسسٹنس (او ڈی اے) کے تحت پاکستان کی تعلیم، صحت، ماحولیات، واٹر سپلائی، زراعت، ٹرانسپورٹیشن اور انفرااسٹرکچر کے میدان میں قرض فراہم کئے ہیں جن کی مالیت سال 2012ء تک 6.67 بلین امریکی ڈالرز ہے۔

آکیرہ آچی نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان قدرتی وسائل کوئلے اور کاپر کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کا حامل ملک ہے، یہ قوت پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم نہایت ضروری ہے۔ جاپان کے قونصل جنرل نے کہا کہ شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیرپور کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے جاپان میں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

پرووائیس چانسلر شکارپور کیمپس پروفیسر ڈاکٹر لطف اللہ منگی سربراہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چانڈیو نے مہمان مقرر اور اساتذہ کا لیکچر پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے طلبہ و طالبات کے سوالات بھی کے جوابات دیئے۔ علاوہ ازیں قونصل جنرل نے یونیورسٹی میں قائم آرکیالاجی اور ایتھروپولاجی میوزیم کا دورہ کیا اور سندھ اور پاکستان کے آثار قدیمہ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

لیکچر پروگرام میں قونصل برائے کلچرل اور پبلک افیئرز جاپانی قونصل ہیروکو سوچیا، پروفیسر مونس ایاز شیخ، امددا حسین چانڈیو، غلام مصطفےٰ بلیدی، سرفراز علی کوریجو، عشرت علی میرانی، لیاقت علی چانڈیو، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :