دبئی میں رنگا رنگ تقریب میں پہلی ٹرام کا افتتاح کردیا گیا

بدھ 12 نومبر 2014 13:47

دبئی میں رنگا رنگ تقریب میں پہلی ٹرام کا افتتاح کردیا گیا

دبئی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12نومبر 2014ء)دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ایک رنگا رنگ تقریب میں پہلی ٹرام کا افتتاح کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق دبئی کی پہلی ٹرام الصفوح ڈپو سے روانہ ہوئی ہے۔اس میں شیخ حمدان کے ہمراہ سینیر حکومتی عہدے دار سوار تھے۔عوام اس ٹرام پر بدھ سے سفرکا آغاز کیا۔ٹرام دن کے مصروف اوقات میں ہر دس منٹ کے بعد روانہ ہوگی اور عام اوقات میں ہربارہ منٹ کے بعد اپنے سفر پر روانہ ہوگی۔

دبئی ٹرام کے نیٹ ورک کا 10.6 کلومیٹر حصہ گنجان آباد علاقوں میں واقع ہے۔اس کے گیارہ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں اور یہ الصفوح ،دبئی میرینا ، جمائرہ بیچ ریزیڈینس سے ہو کر گذرے گی اور دبئی میڈیا سٹی ،نالج ویلج اور پام جمائرہ بھی جائے گی۔دبئی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو مربوط بنانے کے لیے ٹرام وے کو دبئی میٹرو سے دو اسٹیشنوں کے ذریعے ملایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ نیٹ ورک پام جمائرہ کے اسٹیشن پر مونو ریل سے بھی منسلک کردیا گیا ہے۔ہر ٹرام میں ایک گولڈ کیبن ،چار سلور کیبن ہیں اور دو کیبن خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص ہیں۔اس طرح ہر ٹرام میں چار سو پانچ مسافروں کے بیک وقت بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ابتدائی طور پر توقع ہے کہ ٹرام وے سے روزانہ قریباً ستائیس ہزار افراد سفر کریں گے۔گیارہ ٹراموں کو پینتیس ڈرائیور حضرات شفٹوں میں چلائیں گے جبکہ مسافر خودکار مشینی نظام کے ذریعے ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔

ٹرام وے کے دوسرے مرحلے میں چار کلومیٹر کی توسیع کی جائے گی اور چھے مزید اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔اس توسیع کے بعد اس کے ذریعے سفر کرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 66ہزار روزانہ ہوجائے گی۔دوسرے مرحلے میں اس منصوبے پر 2016ء میں کام کا آغاز ہوگا۔