سانحہ ماڈل ٹاؤن ،جے آئی ٹی سے تفتیش کیلئے حکومت اور عوامی تحریک کے ذمہ داران کے درمیان رابطہ

جمعرات 13 نومبر 2014 15:40

سانحہ ماڈل ٹاؤن ،جے آئی ٹی سے تفتیش کیلئے حکومت اور عوامی تحریک کے ذمہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے تفتیش کیلئے حکومت اور عوامی تحریک کے ذمہ داران کے درمیان رابطہ ہوا ہے ، جے آئی ٹی کی سربراہی کیلئے آفتاب چیمہ‘ شاہد حیات ‘ ناصر درانی اور عبد الرزاق کے نام سامنے آئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء احسن اقبال اور عبد القادر بلوچ اور عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پوری کے درمیان رابطے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کے سربراہی کیلئے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈاکٹر طاہر القادری مطالبہ کرچکے ہیں کہ جے آئی ٹی کی سربراہی ایسے افسر کو دی جائے جس کا تعلق پنجاب سے نہ ہو جسکے تناظر میں چار نام سامنے آئے ہیں جن میں ناصر درانی ‘ آفتاب چیمہ ‘ شاہد حیات اور عبد الرزاق شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شاہد حیات اور آفتاب چیمہ سربراہی کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ لیگی رہنماؤں کی طرف سے شاہد حیات کے پیپلزپارٹی سے قریبی روابط ہونے پر تحفظات ظاہر کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس رابطے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے فیصلے کوحکومت اور عوامی تحریک تسلیم کرنے کی پابند ہو گی ۔ذرائع کے مطابق عوامی تحریک کی طرف سے ناصر درانی اور آفتاب چیمہ کے ناموں پر اصرار سامنے آیا ہے ۔