وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے الزامات کا ایک نیا سلسلہ شروع کئے جانے پر زونل انچارج و اراکین زونل کمیٹی کااظہار مذمت

جمعرات 13 نومبر 2014 16:54

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے تھر کی سنگین صورتحال پر اپنی نااہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے الزامات کا ایک نیا سلسلہ شروع کئے جانے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ کئی عشروں سے پاکستان اور بالخصوص سندھ میں بلا شرکت غیرے حکومت کر رہی ہے ۔

صوبہ سندھ میں بد ترین حکمرانی کے چار ادوار مکمل کرنے کے باوجود موجودہ سندھ حکومت اپنی پانچویں مدت کے دوران بھی سندھ کے شہری و دیہی علاقوں میں تعمیر و ترقی کی کوئی ایک مثال پیش کرنے سے قاصر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سندھ کی وزارت اعلیٰ کے منصب پر تیسری مرتبہ فائز ہونے کے باوجود تھر کی غریب اور بے سہارا عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کر سکے ہیں۔

اور اپنی اس ناکام ترین کارکردگی کا اعتراف کرنے کے بجائے مختلف اقسام کے عذر تراش کر اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ بے حسی کا مظاہرہ اور کیا ہو سکتا ہے کہ ایک جانب ایک صوبائی وزیر تھر میں دو معصوم بچوں کی موت پر آواز بلند کرنے پر میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہیں وہیں دوسری جانب وزیر اعلی ٰ سندھ سید قائم علی شاہ ایک نیا انکشاف کرتے ہوئے تھر میں معصوم بچوں کی ہلاکت کو بھوک اور بیماری کے بجائے زچگی کے مسائل کو بنیادی وجہ قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے حکومت میں ہونے یا نہ ہونے کی پرواہ کئے بغیر تھر کی عوام کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے ۔ آج بھی خدمت خلق فاؤنڈیشن کے میڈیکل اور ریلیف کیمپوں کے ذریعے تھر کی عوام کو نہ صرف صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں بلکہ بھوک اور افلاس سے پریشان عوام کو مفت غذائی اجناس فراہم کر کے انکو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نہ صرف تھر بلکہ سندھ بھر کی عوام سے ووٹ حاصل کرنے کے باوجود انکے مسائل کے حل کے لئے کسی بھی قسم کی سنجیدہ کوشش نہیں کی ہے ۔ آنے والے دنوں میں سندھ کی باشعور عوام اپنے ساتھ کی جانے والی تمام تر زیادتیوں کا مکمل حساب لے کر وڈیرانہ اور جاگیردارانہ طرزِ حکومت اور بے حسی کا مظاہرہ کرنے والے عوامی نمائندوں کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند کر دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :