وزیراعظم ملکی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی دورے کر رہے ہیں، پرویزرشید

جمعرات 13 نومبر 2014 17:14

وزیراعظم ملکی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی دورے کر رہے ہیں، پرویزرشید

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملکی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی دورے کر رہے ہیں اور ان دوروں سے عالمی سرمایہ کا روں کو پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں،دھرنا سیاست نے ملک کے اقتصادی ، سیاسی اور سماجی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے۔

سرکاری میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے چین ، جرمنی اور برطانیہ کے دوروں سے ملک میں خاص طور پر توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو ترغیب دینے میں مدد ملے گی۔ بیرونی سرمایہ کاری کے نتیجے میں اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مہنگائی کم ہو گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم ملکی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی دورے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سستی بجلی کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران بیالیس ارب ڈالر کے منصوبوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں چونتیس ارب ڈالر کے توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی منصوبے سستی بجلی کی پیداوار سے متعلق ہیں جو کوئلے پر مبنی ہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے دورہ جرمنی کے دوران تاجروں سے ملاقات کی اور سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ برطانیہ کا مقصد بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یہ دورہ انتہائی کم وفد کے ہمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان دوروں کو ملک کے لئے انتہائی مفید قرار دیا۔سیاست کے بارے میں وزیراطلاعات نے کہا کہ دھرنا سیاست نے ملک کے اقتصادی ، سیاسی اور سماجی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا سیاست نے ترقی کے عمل کو سست کر دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ عوام نے دھرنا سیاست کو تسلیم نہیں کیا ہے۔۔جبکہ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف قومی تعمیر سازی کی کوشش کررہے ہیں لیکن بد قسمتی سے تحریک انصاف کے سربراہ اپنی تقریروں کے ذریعے لوگوں کو مشتعل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو عزت و شہرت سے نواز رہے ہیں لیکن عمران خان کو ان کے مرتبے سے حسد ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل عمران خان کو چاہیے کہ لوگوں کو عدلیہ کے خلاف نہ بھڑکائیں اور ملک کو انتشار کی طر ف نہ لے جائیں۔پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان صرف حکومت پرتنقید کررہے ہیں اور اس کے بجلی کے منصوبوں،موٹروے اور میٹروبس جیسے ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :