گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کی ریلی ،سرعام اسلحہ کی نمائش، ملزموں کی گرفتاری کا حکم

جمعرات 13 نومبر 2014 20:14

گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کی ریلی ،سرعام اسلحہ کی نمائش، ملزموں کی ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13نومبر۔2014ء) گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کے ٹائیگرز نے قانون کو بندوق کی نوک پر رکھ لیا ، ریلی کے دوران اسلحہ کی نمائش پر پابندی بھی ہوا میں اڑا دی ، ڈی سی او نے ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا ، اعجاز چودھری کہتے ہیں عہدیداروں نے اسلحہ گلو بٹوں سے بچنے کیلئے اٹھایا۔تحریک انصاف تئیس نومبر کو پہلوانوں کے شہر میں عوامی طاقت دکھائے گی ۔

جلسے کے حوالے سے کپتان کے ٹائیگرز نے چن دا قلعہ سے ریلی نکالی جس میں مقامی عہدیداروں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں ، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چودھری کی موجودگی میں کوئی کلاشنکوف لیکر شریک ہوا ، کسی نے ٹرپل ٹو رائفل اٹھائے رکھی ، مختلف بورز کے پستول بھی سرعام دکھائی دیئے ، ریلی کے شرکا کو دیکھ کر ایسا لگا جیسے وہ سیاسی نہیں بلکہ جنگی معرکہ سر کرنے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اندرون شہر سے ہوتی ہوئی ریلی جی ٹی روڈ پر پہنچ کر ختم ہوئی ، دوتھانوں کی نفری ریلی کی حفاظت کیلئے تعینات تھی لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہا کہ ریلی میں اسلحے کی نمائش نہیں کی گئی ، مقامی عہدیداروں کے گن مینوں نے گلو بٹوں سے بچنے کیلئے لائسنسی اسلحہ اپنے ساتھ رکھا ، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کی گرفتاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کینٹنر پر کھڑے ہو کر تشدد کا درس دے رہے ہیں ۔ میڈیا نے صورتحال دکھائی تو انتظامیہ کی آنکھ بھی کھل گئی ، ڈی سی او گوجرانوالہ نے اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :